
کورونا کے بعد دنیا بدل جائے گی؟
ہفتہ 25 جولائی 2020

اسلم اعوان
(جاری ہے)
لاک ڈاون کے نفاذ کے ساتھ ہی ہماری داخلی سیاسی کشمکش کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہوئی اور زندگی کا اجتماعی دھار قدرے پُر سکون انداز میں بہنے لگا،اپوزیشن کا متنوع کردار معدوم ہو گیا بلکہ اب تو اپوزیشن والوں کی بات پر سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ بھی دھیان نہیں دیتے،ایسا لگتا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں کسی بالادست قوت کے محور میں گھومنے پہ مجبور ہیں۔
قومی سیاست میں تضادات کو بڑھانے والی وہ مذہبی جماعتیں بھی کسی پُراسرارخاموشی کی دھند میں ڈوب گئیں جو بالخصوص جنوبی ایشائی اور بالعموم عالمی سیاست کی حرکیات میں موثر کردار ادا کرتی نظر آتی تھیں،حتیٰ کہ مملکت کی تزویری حکمت عملی کے ٹول کے طور پہ بروکار آنے والی عسکری اور نیم عسکری گروہوں کا جاہ و جلا بھی ماند پڑ گیا ہے۔بہت جلد جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کا فلاشنگ پوائنٹ یعنی ”کشمیر ایشو“ کو بھی ایسی تزویری اصلاحات کے تابع کرلیا جائے گا جس کا سرچشمہ اعلی درجہ کی سیاسی مہارت کے علاوہ پیپرین،کوہیان اور میکی ویلین اصلاحاتی حکمت عملی کے اصول ہوں گے،اسی پالیسی شفٹ کی بدولت نت نئے خیالات کی کونپلیں کھلیں گی جو ایسے تجزیاتی علوم کے لاتعداد جہتیں پیدا کرنے کا محرک بنیں گی جو ان معاملات میں نئے اداکاروں کی شمولیت کی راہ ہموار بنا دیں گے،کشمیر ایشو میں چین کی تلویث اسی پیراڈائم شفت کا نتیجہ ہو سکتی ہے گویاکشمیر کے منجمد ایشو بارے کئی ایسی نئی سوچیں پروآن چڑھیں گی ،جو اس ایشو سے جڑے تمام تنازعات کے حل کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔شاید اسی لئے تمام تر تلخیوں کے باوجود بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات معمول کی طرف بڑھتے نظر آتے ہیں۔اس وقت افغان گورنمنٹ کو انڈیا کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ انڈین جاسوس گلبھوشن کو قانونی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ ہوا کے رخ کی پتا دے رہا ہے۔ابھی کل ہی وزیراعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اس کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی، جو سنہ 1971 میں متحدہ پاکستان کے حامی بنگالی مسلمانوں کو جنگی جرائم کی پادش میں سزائیں سنانے کے بعد پیدا ہوئی تھی۔ادھر غیرمعمولی تجارتی مقابلہ کے باوجود وسیع تر عالمی مفادات کے تحت امریکہ اور چین،دونوں،جنوبی ایشیا میں نئی اسٹریٹیجک اصلاحات کی حمایت کر سکتے ہیں۔علاقائی طاقتیں ملک کے اندر جامع اصلاحات کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی پرجوش نظر آتی ہیں تاکہ یہاں ایک جدید فلاحی ریاست کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔چنانچہ اس وقت کچھ بنیادی نوعیت کی اصلاحات کو ممکن بنانے کی خاطر حکومتی ادارے وفاق المدارس کے تعلیمی بورڈ سے دینی مدرسوں اور اس میں پڑھنے والے طلبہ کی فہرست مانگ رہے ہیں،اگلے چند ماہ میں شاید مدارس و مساجد بارے کسی متوازن پالیسی پہ ریاست اور جید علماء کرام کے مابین اتفاق رائے حاصل کر لیا جائے گا۔لاریب،انتہائی تیزی سے ترقی پاتی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طاقت نے عالمی تعلقات کے طور طریقوں اور اکیسویں صدی کے طرز حکمرانی کو بدل دیا ہے،ایک محتاط اندازے کے مطابق اگلے چند سالوں میں ترقی یافتہ ممالک میں ڈھائی ارب سے زیادہ انٹرنٹ استعمال کرنے والے شہری نئے تقاضوں کے ساتھ ابھریں گے جو موجودہ سماجی ڈھانچہ اور سیاسی تمدن کو نسلی تفریق اور عمیق گروہی انتشار میں مبتلا کر دیں گے،یہی غیرمعمولی شعوری پھیلاو انکی سوچ کو ملکی حدود اور قومی مفادات سے ماورا کر دے گا،چنانچہ اب تمام ممالک کو امکانات کے نئے دریچے کھولنے کے ساتھ ساتھ اپنی نئی ٹیکنالوجی پالیسی بنانا پڑے گی،جس کی گونج ہمیں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی حالیہ اَبرزویشن میں بھی سنائی دیتی تھی۔تاہم ان اصلاحات کے لئے ایک ایسا غیر روایتی میکنزم پروآن چڑھانا پڑے گا جس کے رواں عمل کے اندر جدید سٹیٹ کرافٹ کی خود کار تشکیل وجود پا سکے گی تاکہ سیاسی و نظریاتی آمور پہ کم سے کم تنازعات پیدا ہوں۔اِسے ہم ایک قسم کی فطرت انسانی پہ قابو پانے کی کاوش کہہ سکتے ہیں۔شاید اب جدید ریاستیں غیر اعلانیہ طور پہ خود کو اس مقام ربوبیت پہ فائز کرنے جا رہی ہیں،جس کی آرزوئیں ماضی کی متعدد حکمراں طاقتیں کر چکی ہیں،اِس دورِ جدید میں چونکہ کسی فرد کے لئے خدائی مقام حاصل کرنا ممکن نہیں رہا اس لئے ریاست کا وہ کمپلکس ڈھانچہ جس کا ہر فرد خود بھی حصہ ہوتا ہے اور جسے کسی کے لئے بھی براہ راست باطل ثابت کرنا ممکن نہیں ہوتا،وہی اب قانونی اتھارٹی اور اجتماعی مفادات کو جواز بنا کر باآسانی اپنی مطلق حاکمیت کا قلادہ لوگوں کے گلے میں ڈال سکتا ہے۔خاص طور پہ ریاستوں کا وہ مربوط عالمی نظام جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی قوت سے مزّین اور زمینی وسائل پہ کامل تصرف رکھتا ہو لوگوں کے افکار و نظریات اور مذہبی عقائد کو ریگولیٹ کرنے کی جسارت کر سکتا ہے۔بلاشبہ، اس وقت ریاست کا ادارہ اپنی قوت وحشمت اور تصرف و اختیار کے بام عروج پہ آن پہنچا ہے اور یہی حتمی غلبہ دراصل اس کے اختتام کا آخری مرحلہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔بے سمت اضطرابی قوت سے بہرور یہ ڈیجٹل معاشرے کسی بھی ریاست کے اندر غیر معمولی ہلچل تو پیدا کر سکتے ہیں لیکن اجتماعی حیات کو مقصدیت میں مربوط کرنے کی صلاحیت سے تہی دست ہیں۔ماضی قریب میں بھی ہم نے دیکھا کہ سماجی ابلاغ کے انہی طاقتور ذرائع نے کئی ممالک کی قومی سیاست اور عالمی تعلقات کی نزاکتوں پہ غیر معمولی اثر تو ڈالا لیکن یہ نظریاتی،جمہوری اور ترقی پسندی کا متبادل نہیں بن سکے،ابھی حال ہی میں بہار عرب اور مصر و تیونس میں بے پناہ عوامی اضطراب پیدا کرنے کے باوجود انفارمیشن ٹیکنالوجی وہاں کسی اصولی نظریہ کی نشو و نما ممکن نہیں بنا سکی۔قصہ کوتاہ،کیا یہ دنیا اب،جارج آرویل کے مشہور ناول،اینمل فارم،کی تمثیل میں ڈھل جائے گی؟اگرچہ اس تصور کو عملی جامہ پہنانا ممکن نہیں ہو گا لیکن اس عہد کے ریاستی شعور کو اس جسارت سے روکنا بھی ناممکن ہو گا۔ مشہور فلسفی سپائی نوزا نے کہا تھا کہ،ریاست کو شہری کے ذہن پہ جتنا کم اختیار ہو گا اتنا ہی دونوں کے حق میں مفید ہو گا،مملکت کا اقتدار جب اجسام و افعال سے بڑھ کر انسانوں کے افکار اور روح تک جا پہنچے تو انسانی سماج کی نشو ونما ختم اور ریاست برباد ہو جاتی ہے“ لیکن مغرب کی ترقی یافتہ اشرافیہ سپائینوزا کی سوچ کو غلط ثابت کرنے کا تہیہ کئے بیٹھے ہے، وہ ایک میکانکی تمدن کے قیام کی خواہش کی عملی جامہ پہنانے کے لئے ہر حد عبور کرنے پہ کمر بستہ دیکھائی دیتی ہے۔بلاشبہ،صرف فطرت ہی اپنی تدبیر مخفی سے کائنات کی ہر چیزکو ریگولیٹ کرسکتی ہے،لہذا تمام تر قوت اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے باوجود انسانی زندگی کے مقامی دھارے کو اس وسیع کائنات کے اجتماعی نظام سے جدا نہیں کیا جا سکے گا۔ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
اسلم اعوان کے کالمز
-
کشمیریوں کا مستقبل
بدھ 2 دسمبر 2020
-
شناخت کا بحران کیسے پیدا ہوا؟
بدھ 25 نومبر 2020
-
قوم رسولﷺ ہاشمی ؟
جمعرات 19 نومبر 2020
-
امریکی پیشقدمی اور پسپائی
اتوار 15 نومبر 2020
-
تنازعات گہرے ہو رہے ہیں!
منگل 10 نومبر 2020
-
یورپ جنگ کے دہانے پر
جمعرات 5 نومبر 2020
-
حالات بدلتے کیوں نہیں؟
ہفتہ 31 اکتوبر 2020
-
پیپلزپارٹی جم گئی؟
ہفتہ 24 اکتوبر 2020
اسلم اعوان کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.