تیر و ترکش

اتوار 25 نومبر 2018

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#ملک پارلیمنٹ چلائے گی یا خفیہ طاقتیں؟ عدالت عظمیٰ کا استفسار
آپ کو تو نہیں پتا ناں اس بابت کچھ بھی، وہی بات کہ #
جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے ،باغ تو سارا جانے ہے
#مفتی اعظم عُمان سینیٹ وفد کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔
عزت مآب مہمان کی سینیٹ آمد پر فواد چودھری کیا کریں گے؟
#پاکستان میں مالیاتی وسائل سکڑ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف
آپ کی کرم نوازی کا نتیجہ یہی نکلتا ہے۔


#رفاہی پلاٹوں پر غیرقانونی تعمیرات میں وفاقی وصوبائی حکومتوں کے ملوث ہونے کا انکشاف
اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں’قانونی‘ تعمیرات میں ’ملوث‘ ہوجائیں تو ملک کی حالت نہ سنور جائے۔
#بہت پیسا آنے والا ہے غریب ممالک کو قرضے اور امداد دیں گے۔ وزیراعظم
اور پھر ہماری آنکھ کھل جائے گی۔

(جاری ہے)


#بھارتی آرمی چیف کو سوچ سمجھ کر بولنے کی ضرورت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ
ان کے ہاں آرمی چیف پر زیادہ بوجھ نہیں ہوتا شاید اس لیے انہیں بولنے سے پہلے سوچنے سمجھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔
#کرپٹ افسران کی نشاں دہی کرنے والے ملازمین کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
افسرشاہی کے لیے کام نہ کرنے کا میدان مزید ہموار ۔
 #نوازشریف کا العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں اپنے دفاع میں گواہ پیش نہ کرنے کا فیصلہ۔


میاں صاحب کی ’دفاعی‘ گواہوں سے صلح جو نہیں ہوئی ناں۔
#وزارت مذہبی امور منکرین ختم نبوت کا مقابلہ کرے۔ طاہر اشرفی
آپ کو مشیر بناکر؟
#دورہٴ برطانیہ کے اخراجات اپنے کریڈٹ کارڈ سے ادا کیے۔ چیف جسٹس
کیا بات ہے آپ کے کریڈٹ … کارڈ کی!
#سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات
اس طرح کی کوئی کوشش اپنے متعلق بھی فرما لیں تو آپ کی حکومت کی نیک نامی کا باعث ہوگی۔


#حکومت کو وعدے پورے کرنے کا موقع دیں گے۔ احسن اقبال
یہ موقع لینے کے لیے حکومت نے آپ کے پاس کوئی وفد بھیجا ہے کیا؟
#خیبرپختونخوا کابینہ نے احتساب کمیشن ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
کیونکہ احتساب کا تمام تر دھارا اسلام آباد سے لاہور کی طرف بہہ رہا ہے۔
#آسیہ کیس ظاہر کرتا ہے کہ اسے بغیر ثبوتوں کے پھنسایا گیا۔ چیف جسٹس
آپ کا باطن کیا کہتا ہے اس کیس میں جناب؟
#نیب کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا۔

چیئرمین نیب
پھر اس طرح کی کارروائی پر یقین رکھنے والوں کے حق میں کیوں جارہی ہیں نیب کی اکثر کارروائیاں؟
#اسپیکر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
بزنجو صاحب اس طرح کے فیصلے خود کیا کرتے ہیں؟
#فواد چودھری کو اپنے لیڈر عمران خان کی فکر کرنی چاہیے۔ ترجمان زرداری
چودھری صاحب کیوں فکر کریں، خان صاحب کون سا ان کے مستقل لیڈر ہیں؟
#گنے کے کاشت کاروں کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب
یہ بیان دینے سے پہلے جہانگیرترین صاحب سے تو پوچھ لیا ہوگاناں آپ نے؟
#ڈاکٹر شاہد مسعود پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار
اسی’دبڑ دھوس‘ کا ذکر کیا کرتے تھے ناں ڈاکٹر صاحب!
#نوازشریف اور پاک فوج نے مل کر دہشت گردی پر قابو پایا۔ مریم اورنگزیب
آپ بتانا یہ چاہتی ہیں کہ میاں صاحب نے فوج کے ساتھ مل کر بھی کوئی کام کیا ہے۔


#نیب میں سیاست دانوں کے خلاف چار فیصد سے بھی کم مقدمات ہیں۔ وفاقی وزیر قانون
اور لگتا ہے کہ پچھلے دو ڈھائی سال سے یہی چار فیصد سے کم مقدمات چلائے جارہے ہیں۔
#وزیر اعظم نے چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کردیا۔
پرانی ٹرینوں کا بھی پتا کریں وزیراعظم کبھی وقت نکال کر۔
#حکومت نے آئی ایم ایف مذاکرات کے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔میاں رضا ربانی
پہلے حکومت بے چاری کو تو مل جانے دیں یہ اعتماد۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :