تیر و ترکش

بدھ 20 فروری 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#سعودی عرب میں قید 2017 پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان
اسے کہتے ہیں تبدیلی، پہلے تو برادرمعظم صرف پاکستان میں قید پاکستانیوں کو رہا کرایا کرتے تھے۔
#2050ء تک دنیا میں اسلام کو ماننے والے سب سے زیادہ ہوں گے۔
ان میں اسلام کی ماننے والے کتنے ہوں گے؟
#پی ٹی آئی حکومت جو آج کررہی ہے کل بھگتنا پڑے گا، خواجہ سعد رفیق
اس کا مطلب ہے آپ بھی اپنا کیا ہی بھگت رہے ہیں۔


#شہبازشریف کو پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی سے ہٹانے پر کبھی سنجیدگی سے غور نہیں ہوا، نعیم الحق
شیخ رشیداور فواد چودھری کو بتایا کریں اس طرح کی باتیں۔
#آئی ایم ایف گیس کی قیمتیں بڑھانے کے لیے دباوٴ ڈال رہا ہے، وفاقی وزیر پیٹرولیم
اور ہم اس دباوٴ میں آنے کو تیار بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)


#سعودی ولی عہد کا دورہ، اپوزیشن کو مدعو کرنا چاہیے تھا، شاہ محمود قریشی
چلیں آپ کی خواہش تو ریکارڈ پر آئی تاکہ بوقت ضرورت کام آئے۔


#محمد بن سلمان نے 2017 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کرکے پاکستانیوں کے دل جیت لیے، وزیراعظم عمران خان
اگر ولی عہد نے بھی دوچار ”قیدیوں“ کی رہائی کی فرمائش کردی تو کیا کریں گے آپ؟
#محمد بن سلمان نے کہا نوازشریف ہمارے دل کے قریب ہیں، مشاہداللہ خان
یہ صرف آپ نے سنا پورے پاکستان میں!
#کچھ لوگوں کو بھارت امیگریشن آفر نہیں کررہا ورنہ ہماری جان چھوٹ جائے، فواد چودھری
غالباً پہلی مرتبہ پاکستانیوں کے دل کی آواز نکلی آپ کے منہ سے۔


#سعودیہ میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں، شہبازشریف
اور پاکستانی قیدیوں کو بھی یاد رکھنے کی التماس کرتے ہیں۔
#پاکستان اور چین اسٹریٹجک شراکت دار بن چکے، صدر آل چائنا چیمبر آف انڈسٹری
یہی تو تکلیف ہے پڑوسیوں کو۔
#تمام اختیارات حکومت کے پاس ہیں، میئر کی حیثیت سے کراچی کو ترقی نہیں دے سکتا، وسیم اختر
جب تمام اختیارات کے ساتھ حکومت آپ کے پاس تھی تب کراچی کو کتنی ترقی دے دی تھی آپ نے؟
#راجا ظفرالحق نے محمد بن سلمان کو شریف برادران کا پیغام پہنچایا۔


اسلاف کی روایت تازہ کرنے کی خواہش کی ہوگی شاید شریف برادران نے پیغام کے ذریعے۔
#نوازشریف کو ہر سہولت دیں گے، وزیر صحت پنجاب
لو جی! راجا صاحب کی پیغام بری لگتا ہے کام کرگئی۔
#محمد بن سلمان یہاں الیکشن لڑیں تو مجھ سے زیادہ ووٹ لیں، عمران خان
وہ بھی اصلی والے۔
#ایران خود دہشت گردی برآمد کرنے والا ملک ہے، سعودی وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس
پاکستانی میزبانوں کو اس طرح کی باتیں یاد نہیں رہتیں۔


#دہشت گردی کا کوئی مذہب اور ملک نہیں ہوتا، نوجوت سنگھ سدھو
لگتا ہے سدھو پاء جی آپ نے بھارت میں رہنا نہیں۔
#شہبازشریف کی رہائی سے قوم پر منفی اثر پڑے گا، وفاقی وزیر اطلاعات
قوم پر مثبت اثر ڈالنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کبھی کبھی خاموش رہنا بھی سیکھیں۔
#پاک سرزمین پارٹی کی قیادت کسی نوجوان کو سونپنے کی خواہش ہے، مصطفی کمال
ہمت کریں کمال بھائی اتنی مایوسی اچھی نہیں ہوتی۔


#آصف زرداری کے خلاف ہی کیوں مقدمات بنائے جارہے ہیں، وزیر بلدیات سندھ
جیسے آپ کو تو نہیں پتا!
#مودی کے خوشامدی دو وزیروں کو شرمندگی کا سامنا۔
اپنے ہاں شرمندگی کی ایسی کوئی روایت ہی نہیں۔
#کراچی: صدر مملکت عارف علوی کے علاقے میں بھی گٹر ابلنے لگے
مساوات کی بہت قائل ہے کراچی کی بلدیہ وسیم اختر کی سربراہی میں۔
#محمد بن سلمان کے دورے پر پانچ ارب خرچ ہورہا ہے، نبیل گبول
اربوں کی عرب جانیں، گبول صاحب آپ کو کیا پریشانی ہے؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :