تیر و ترکش

بدھ 15 جنوری 2020

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#امریکن کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دے دیا۔
اس امریکن ایجنسی کے نمائندوں کو ڈھونڈتے پھرتے ہیں پاکستانی عوام۔
#مذہبی جماعتیں ہی اصل اپوزیشن ہیں، امیر جماعت اسلامی
اور یہ اصل اپوزیشن بھی تو متحد نہیں ہے ناں!
#میں نے اسپورٹس کمپلیکس بنایا ہے، نائٹ کلب نہیں، احسن اقبال
نائٹ کلب بنایا ہوتا تو کون آپ کو گرفتار کرتا۔


#پانچ ووٹ اِدھر ُادھر ہوجائیں تو حکومت ختم ہوجائے گی، رانا ثناء اللہ
ووٹ اِدھر اُدھر کرنے والوں سے بناکر رکھنے کی شروعات کر تو دی ہیں آپ نے بھی۔
#ملزم کی غیرموجودگی میں ٹرائل غیراسلامی، غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، پرویزمشرف کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ کا فیصلہ
الحمدللہ! ہماری عدلیہ کو اسلام، آئین اور قانون کا اچھی طرح علم ہے۔

(جاری ہے)


#جائز مطالبات پورے کریں گے۔ وزیراعظم کا ایم کیو ایم سے رابطہ
ظاہر ہے ناجائز مطالبات کے لیے تو وزیراعظم رابطہ نہیں کرتے ناں ایم کیو ایم سے۔
#خصوصی عدالت کالعدم، مشرف کی سزا ختم، حکومت کا لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم
گویا غیرآئینی عدالت کے غیرآئینی فیصلے کو ختم کرکے لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو سکھ کا سانس لینے کا موقع فراہم کیا۔


#لوڈشیڈنگ ختم کردی، کنڈا سسٹم بھی ختم کریں گے، وفاقی وزیر توانائی عمرایوب کا قومی اسمبلی میں بیان
آپ سے پہلا کام ہوا نہ دوسرا ہوسکے گا جناب!
#ایران امریکا کشیدگی، شاہ محمود تہران پہنچ گئے، صدر روحانی سے ملاقات
قریشی صاحب کا تہران جانا ہی بتا رہا ہے کہ ایران امریکا کشیدگی سے جس جس نے جوجو کچھ کشید کرنا تھا کرچکا کیوں کہ اپنے ملتانی بھائی اور وہ بھی شاہ محمود قریشی صاحب…… چلیں چھوڑیں!
#وزیراعظم کا کوئی متبادل نہیں ایم کیو ایم اتحادی رہے گی، وفاقی وزرا ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، فواد چودھری، غلام سرور خان اور شفقت محمود کا ردعمل
مان لینا چاہیے بھئی کہ وزیراعظم کا فی الحال کوئی متبادل نہیں، اگر ہوتا تو ردعمل دینے والے وزراء میں سے کم ازکم دو کا نام نہ ہوتا اوپر والی فہرست میں۔


#ایم کیو ایم سے تمام وعدے وفا کریں گے، وزیراعظم
اور ایم کیو ایم کو رس میں گنگنا رہی ہوگی #
ہمیں ان سے ہے وفا کی امید
 جو نہیں جانتے وفا ہے کیا چیز!
#خرید وفروخت کے سیاسی سوداگر کراچی آرہے ہیں، سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی
مقامی سوداگروں کی نااہلی ہے اور کیا!
#خلائی مخلوق سے نوازشریف کی مراد آرمی چیف یا فوج نہیں، رانا ثناء اللہ
جی جی بالکل! نوازشریف کی مراد تو محکمہ زراعت تھا ناں۔


#مصطفےٰ نواز کھوکھر، فواد چودھری اور مصدق ملک ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر چائے پینے گئے۔
تینوں ایک ہی گاڑی کے سوار ہیں بس سیٹیں بدلتی رہتی ہیں ان کی۔
#کوئی وفاقی وزیر فون تک کا جواب نہیں دیتا، عامر لیاقت
الیکشن میں ٹکٹ دینا پی ٹی آئی والوں کے اختیار میں نہیں تھا، فون سننا نہ سننا تو فی الحال ان کے اختیار میں ہے۔
#ایم کیو ایم کے بعد جی ڈے اے بھی وفاقی حکومت سے ناراض، گورنر سندھ پیر صاحب پگاراکے پاس پہنچ گئے۔
یہ جو ناراضیوں کی ہوائیں چلنا شروع ہوئی ہیں ان کا منبع کراچی بلکہ سندھ سے باہر کہیں دور پوٹوہاری علاقے میں ہے شاید۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :