گلگت بلتستان اور حفیظ الرحمن

منگل 6 جولائی 2021

Mian Habib

میاں حبیب

وہ گلگت بلتستان کے مختلف معاملات پر بولے جا رہے تھے اور میں دل ہی دل میں گلگت بلتستان میں بسیرا بنانے کا خواب بنا جا رہا تھا میری دلچسپی کی اس وقت انتہا نہ رہی جب مجھے پتہ چلا کہ پورے پاکستان میں سب سے سستی روٹی گلگت بلتستان میں ہے حالانکہ وہاں گندم پیدا نہیں ہوتی آپ بھی حیران ہو رہے ہوں گے یہ کیسے ممکن ہے پورے پاکستان میں  گندم کی سو کلو کی بوری 5000 روپے میں حکومت خود کسانوں سے خریدتی ہے لیکن گلگت بلتستان میں یہ 1200روپے میں بوری ملتی ہے وہاں کی حکومت ہر سال پاسکو سے 10ارب روپے مالیت کی گندم خرید کرتی ہے جس میں 8ارب روپیہ سبسڈی دی جاتی ہے اور وہاں کے شہریوں سے صرف 2ارب وصول کیا جاتا ہے اس طرح سب سے سستا آٹا اور روٹی گلگت بلتستان میں ملتی ہے ہم دن رات بجلی کے بلوں کا رونا روتے ہیں یہاں 20 روپے سے 30 روپے کا یونٹ ہے وہاں گھریلو استعمال کا یونٹ دو روپے پچاس پیسے اور کمرشل استعمال کا یونٹ 6روپے ہے پورے گلگت بلتستان میں آپ جہاں مرضی کروڑوں کا کاروبار کریں ایک روپے کا ٹیکس نہیں یہاں کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی وہاں لاکھوں میں مل جاتی ہے زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں وہ گاڑی آپ یہاں نہیں لا سکتے صرف وہیں استعمال کی جا سکتی ہے وہاں تعلیم اور صحت کے لیے وسائل بھی موجود ہیں دو یونیورسٹیاں ہیں کالجز سکولز اور بہترین اساتذہ موجود ہیں کینسر اور کارڈیالوجی ہسپتال تک موجود ہے اب تو میڈیکل کالج بھی بن رہا ہے ضرویات زندگی کی تمام آسائشیں جہاں باآسانی اور سستی دستیاب ہوں وہاں دلچسپی تو پیدا ہوتی ہے گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلی حفیظ الرحمن گلگت بلتستان کو عجائبات کی سر زمین قرار دے رہے تھے جس میں وہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں، خوبصورت جھیلوں، سر سبز وشاداب باغوں، میدانوں، چھوٹے سے صحرا، پھلوں اور منرلز کی بات کر رہے تھے میں نے انھیں کہا کہ یہ سارے عجوبے تو قدرت نے آپ کو دے رکھے ہیں لیکن سستی روٹی سستی بجلی سستی گاڑی زیرو ٹیکس جیسے عجوبے تو آپ کے خود پیدا کردہ ہیں انھوں نے بتایا کہ یہ موج صرف 2023 تک ہے اس کے بعد وفاقی حکومت ہمارے ساتھ کیا سلوک کرتی ہے کچھ نہیں کہا جاسکتا حفیظ الرحمن لاہور میں ہمارے دوست اسد آر چوہدری کے مہمان تھے ان کے گھر پر ہی ان سے گھنٹوں طویل نشست ہوئی جس میں وہ بتا رہے تھے کہ انھوں نے گلگت بلتستان کو کھولا ہے وہاں سڑکوں کا جال بچھایا رابطہ پل تعمیر کیے جس سے آمدورفت میں بہتری آئی سب سے بڑھ کر وہاں فرقہ وارانہ تعصبات کو ختم کر کے ہم آہنگی پیدا کی امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا آج وہاں کسی قسم کا خوف نہیں وہاں عام پاکستانی کے لیے ہرقسم کے مواقع موجود ہیں پاکستان کے سرمایہ کاروں کو وہاں سرمایہ کاری کرنی چاہیے صرف گلگت بلتستان میں 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی سائٹس موجود ہیں جن کی نشاندہی ہو چکی ہے انٹرنیشنل سیاحوں کی دلچسپی کے بہت زیادہ قدرتی مناظر موجود ہیں جن کو ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے ابھی صرف گرمیوں کی سیاحت ہے اگر سردیوں میں آسائشیں مہیا کی جائیں تو عالمی سیاحوں کی دلچسپی پیدا کی جا سکتی ہے انھوں نے بتایا کہ وہاں مقامی وسائل سے بجلی پیدا کی جاتی ہے جس کا قومی گرڈ سے رابطہ نہیں سردیوں میں برف جم جانے سے بجلی کی پیداوار ایک تہائی رہ جاتی ہے وہاں ہوٹلوں کو ہیٹنگ سسٹم پر کر دیا جائے اور ذرائع نقل وحمل کو بہتر بنا دیا جائے تو سردیوں کی سیاحت کو بھی فروغ مل سکتا ہے انھوں نے ہمارے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے سٹیٹس بارے جان بوجھ کر کنفیوژن پیدا کی جا رہی ہے کوئی علیحدہ آئینی صوبے کی بات کرتا ہے تو کوئی اسے مسلہ کشمیر کا حصہ قرار دیتا ہے پاکستان کے تمام سٹیک ہولڈروں کو اس پر مشاورت کرکے ایک موقف پیش کرنا چاہیے تاکہ لوگوں کو تقسیم سے بچایا جا سکے جغرافیائی محل وقوع کے باعث اور پاکستان کے مستقبل سے جڑے بڑے منصوبوں کی وجہ سے گلگت بلتستان کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اسی وجہ سے دنیا کی نظروں میں بھی ہے پاکستان میں توانائی اور پانی کی تمام تر ضرورتوں کا انحصار اس علاقے پر ہے سی پیک کے روٹ کا منبع اوربھاشا ڈیم کی وجہ سے اس کی اہمیت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے اس کے علاوہ چین، بھارت، افغانستان اور تاجکستان کے ساتھ ملنے والی سرحدوں کی وجہ سے بھی اس علاقے کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انھوں نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی خواہش پر بھاشا ڈیم پر ایک کوارٹر تیار کروایا تھا لیکن انھوں نے دوبارہ رابطہ ہی نہیں کیا لگتا ہے کہ وہ اپنے جھونپڑی والے بیان سے دستبردار ہو گئے ہیں انھوں نے بھاشا ڈیم کی زمین کی خریداری میں ہونے والے گھپلوں کی بھی کہانی سنائی اور کس طرح انھوں نے اس فراڈ کو ناکام بنا کر وفاقی حکومت کو 10 ارب کی خطیر رقم واپس کروائی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :