Live Updates

کور کمیٹی کے اتوار کو ہونے والے اجلاس میں مشاورت کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا ، عمران خان

مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا فیصلہ کریں گے،ایک ہی مطالبہ ہے اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے،جتنی دیر موجودہ حکومت رہے گی اتنا ہی ذلیل ہوگی ،سازس کر کے موجودہ حکومت کو لانے والے بھی ذلیل ہونگے ،عمران خان کاجلسے سے خطاب

جمعہ 20 مئی 2022 21:35

�لتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ(کل)اتوار کو پشاور میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلا س میں مشاورت کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے تاریخ کااعلان کیا جائیگا ، 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا فیصلہ کریں گے،ایک ہی مطالبہ ہے اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے،جتنی دیر موجودہ حکومت رہے گی اتنا ہی ذلیل ہوگی ،سازس کر کے موجودہ حکومت کو لانے والے بھی ذلیل ہونگے ،مریم بار بار میرا نام لیتی ہو، تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ناراض نہ ہوجائے۔

جمعہ کو جلسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ دنیا میں نوجوانوں اور خواتین کے بغیر کوئی بھی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا، شاندار استقبال پر ملتان کا شکریہ اداکرتا ہوں، یہ انقلاب آرہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمیشہ دعا کرتا تھا اللہ قوم کو جگا دے اور شعور پیدا کر دے کہ وہ کبھی کسی مافیا ،چور اور ڈاکوئوں کے سامنے یا کسی سپر پاور کے سامنے سر جھکائے ، اللہ نے میری دعا پوری کر دی ہے جس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ میں جب آرہا تھا تو بار بار پیغام آیا میری جان خطرے میں آئی اور آپ شیشہ لگا لیں ۔ انہوںنے کہاکہ مرنے ، ذلت ،رزق میں کمی ،نوکری جانے کا خوف بڑے انسان کو چھوٹا انسان بنا دیتا ہے ، جب آپ خوف کے بت کو توڑیں گے نہیں اس وقت عظیم قوم نہیں بنا سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ کسی فوجی نے بڑے تمغے نہیں لئے جو موت سے ڈرتا ہوں ، جو کرکٹر ہارنے سے ڈرتا ہے اسے جیتنا نہیں آتا ، جس بیٹسمین کو تیز بائولر سے ڈرتا ہے وہ بڑا بیٹسمین نہیںبنتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جب پہلا انسان پہاڑ پر چڑھا اس نے سب سے پہلے خوف کو ختم کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے نبی ؐنے پہلے لوگوں کوپیسے کی لالچ اورخوف سے آزاد کردیا تھا،ہمارے نبی ؐ نے دنیا کی امامت کی تھی۔انہوںنے کہاکہ ہم عظیم لوگ ہیں لیکن اوپر ایسے حکمران ہیں جنہوںنے قوم کو ایک عظیم قوم نہیں بننے دیا ۔انہوںنے کہاکہ اللہ سے وعدہ کیا تھا اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دونگا ۔

انہوںنے کہاکہ اسی لئے سازش کی گئی ، تیس سال سے ملک کو لوٹنے والوں نے سازش کی ، جن پر کرپشن کے کیسز تھے انہوںنے بڑی کوشش کی کہ این آر او دے دو ، کبھی لانگ مارچ ، ہر قسم کی بلیک میل ، اسمبلی اور میڈیا پر برا بھلا ، ذاتیات اور گھٹیاقسم کی زبان استعمال کی ،صرف ایک ہی مقصد تھا کہ کرپشن کے کیسز ختم کردوں ۔ انہوںنے کہاکہ قوم سے کہنا چاہتا ہوں کرپٹ اوربزدل حکمرانوں نے خوف دلایا ہوا ہے، انہوں نے خوف دلایا جب تک امریکا کے جوتے پالش نہیں کریں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیکے، حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو ذلت ملی۔ انہوںنے کہاکہ مجھے ہمیشہ گھٹنے ٹیکنے پر تکلیف ہوتی تھی، ہم ایک عظیم قوم ہیں، اللہ سے دعا کی تھی جب مجھے موقع ملے گا تو قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا، اسی لیے 30 سال سے ملک لوٹنے والوں نے سازش کی، انہوں نے مشرف کی طرح مجھ سے این آراولینے کی پوری کوشش کی، کبھی لانگ مارچ اور کبھی اسمبلی میں برا بھلا کہا گیا، اپوزیشن کا ایک مقصد کرپشن کے کیسزمعاف کرانا تھا۔

انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی، (ن )لیگ نے 11 سال اقتدار کی باریاں لی تھیں، مشرف نے دونوں پارٹیوں کو این آراودیا، دونوں پارٹیوں کے اقتدارکی وجہ سے 6 ہزارارب کا قرضہ 30 ہزارارب تک پہنچا، انہوں نے کرپشن کیسزمعاف کرنے کے لیے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ہاتھ کھڑا کر کے بتاؤ کیا مجھے ان کے کرپشن کیسز معاف کرنے چاہئیں تھی انہوںنے کہاکہ لندن میں بھگوڑا بیٹھا ہوا ہے۔

عمران خان نے مسلم لیگیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ (ن)لیگ والو خدا کے واسطے مجھے جواب دو، کیا کبھی گیدڑ لیڈر بن سکتا ہے، آصف علی زرداری نے کہا تھا نوازشریف اٹک جیل میں اتنا روتا تھا ٹشو ختم ہو جاتے تھے، مشرف سے معاہدہ کرکے سعودی عرب بھاگ گیا تھا، اس بار پھرجھوٹ بول کر ڈرامہ کر کے لندن بھاگ گیا،ہمارے اجلاس کے دوران شیریں مزاری بیماریاں سن کر کابینہ میں رونا شروع ہوگئی تھیں، نوازشریف جیسے جہازپرچڑھا تو بیماری ختم ہو گئی، نوازشریف جہاز کی سیڑھیاں ایسے چڑھا جیسے اولمپک کھیلنے جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ والو !جھوٹے آدمی کو عدالت نے سزا دی، آپ لوگ کیسے اس آدمی کے پیچھے چل سکتے ہو، چھوٹا بھائی چیری بلاسم ہے، چھوٹے بھائی نے لاہورہائیکورٹ میں نوازشریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی، شہباز شریف کو جھوٹی گارنٹی پربھی سزا ہونی چاہیے تھی، ان کے ساتھ وہ مل گیا جس کی آج کل قیمت بڑھانی ہے، یہ اتنے ڈرے ہوئے ہیں پٹرول کی قیمت نہیں بڑھارہے، انہوں نے امریکا کے ساتھ مل کرسازش کی۔

عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب والے بتائیں اتنے زیادہ لوٹے کیوں نکلی اللہ کا شکرادا کرتے ہیں سب ڈس کوالیفائی ہو گئے۔انہوںنے کہاکہ 8مارچ کو ڈونلڈ لو سفیر کو دھمکی دی تھی، ڈونلڈ لونے کہا اگرعمران کو ہٹا دیا تو معافی مل جائیگی، کیا اس قوم کوامریکا سے معافی کی ضرورت ہے، ہم ایک خود دارقوم ہیں، بدقسمتی سے ہماری اشرافیہ امریکی دھمکی سے ڈر گئے، ملک کی ایلیٹ کلاس ڈر گئی تھی ،سب نے ملکر 22 کروڑ عوام کے وزیراعظم کو ہٹایا، یہ سمجھ رہے تھے تحریک انصاف دفن ہو جائیگی، اللہ کا پلان ہی کچھ اورتھا اس نے میری قوم کو جگا دیا، یاد رکھنا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب آرہا ہے، 30 سال سے لوٹ مار کرنے والوں کی اب قبریں بن رہی ہیں، قوم جاگ گئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ڈیزل کے خاندان کا بھی وقت ختم ہوگیا ہے، اسلام آباد میں عوام کا سمندرآنے والا ہے، ملتان والوں اسلام آباد کے لیے تیارہو۔انہوں نے کہا کہ مارچ سے پہلے میرا یہ آخری جلسہ ہے، انہوں نے پلان کچھ اور بنایا اللہ نے کچھ اورکردیا۔ عمران خان نے کہاکہ شہبازشریف پہلے سے ہی نیشنل حکومت بنانے کا اعلان کررہے تھے، یہ سمجھ رہے تھے ڈیڑھ سال حکومت کریں گے، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھا، یہ سمجھ رہے تھے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیت جائیں گے۔

انہوں نے تو قوم کو بتایا تھا بڑے تجربہ کارہیں، وزیراعظم کو 6 ہفتے ہو گئے ہیں کہتے ہیں صبح چھ بجے جاگ جاگ جاتا ہے، چھ بجے جاگنے سے کچھ نہیں ہو گا، چھ بجے تو میرا مالی بھی جاگ جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈالر 200 کا ہوگیا ہے، اب پتا چلا ہے ان کا سارا تجربہ کرپشن کا ہے، یہ جب اقتدارمیں آتے ہیں تو پیسہ بناتے ہیں اورملک مقروض ہوجاتا ہے، پچھلے ایک سال سے سازش کرنے میں لگے تھے، اب اقتدار مل گیا تو کیوں نہیں مل سنبھل رہا ۔

انہوںنے کہاکہ شہبازشریف کبھی لندن بھاگتا ہے، کبھی کہتے ہیں نیشنل سکیورٹی چیزیں مہنگی کرے، 30 سال سے مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں ہمارے ساڑھے تین سالوں جتنی پہلے ترقی اور خوشحالی نہیں آئی، ایوب خان دورکے بعد ہماری حکومت میں سب سے زیادہ گروتھ ہوئی، ہماری حکومت میں ریکارڈ زیادہ ایکسپورٹ ہوئی، ہماری حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ہماری حکومت میں 75 فیصد آئی ٹی کی ایکسپورٹ بڑھی، برصغیرکی نسبت کورونا کے دوران سب سے زیادہ روزگار ملا، آپ لوگوں نے اتنا زور لگا کر حکومت گرائی، شکر ہے ہماری حکومت اور انکے دور حکومت کا موزانہ ہو رہا ہے، اگر مجھے ملک کی فکر نہ ہو تو ان کو مزید حکومت میں رہنے دوں، یہ جتنی دیرحکومت میں رہیں گے اتنا ہی ذلیل ہوں گے، جنہوں نے سازش میں ساتھ دیا وہ بھی ذلیل ہوں گے، ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے روپے کی قدر گرنے سے ہر چیز مہنگی ہو گی، اگرہم سیاست کا سوچتے تو ان کو مزید چلنے دیتے، ہمیں پتا ہے جتنی زیادہ یہ حکومت کریں گے، یہ پاکستان کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف لیکرجارہے ہیں، جلدی سے جلدی الیکشن کی تاریخ دواوراسمبلیوں کوتحلیل کرو۔

تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ سوشل میڈیا پرکسی نے مجھے مریم نوازکی تقریربھیجی، مریم نے تقریر میں اتنی دفعہ جذبے اور جنون سے اتنی بار میرا نام لیا، لیگی نائب صدر جتنی دفعہ میرا نام لیتی ہو کہیں تمہارا خاوند ناراض نہ ہو جائے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیشہ سوچتا ہوں ان کو اتنا زیادہ مجھ پرغصہ کیوں ہے، ان کے چچا، بھائیوں کو مجھ پر اتنا غصہ کیوں، ان کے سارے کیسز تو پیپلزپارٹی دور کے بنے ہوئے ہیں، شہبازشریف مقصود چپڑاسی کیس کے علاوہ باقی سب پرانے کیس ہے، مجھ پر اتنا غصہ کیا کیس معاف نہیں کرتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہاکہ مہذب معاشروں میں سب کیلئے قانون یکساں ہوتا ہے، جوقوم بڑے ڈاکوؤں کو نہ پکڑے وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے، ہمارا المیہ یہ ہے بڑے ڈاکوایوانوں میں اورچھوٹے چورجیل جاتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ مشرف دور میں آزاد عدلیہ کیلئے باہرنکلا تو 8 دن جیل میں گزارے، جیل میں کوئی طاقتور ڈاکو نظر نہیں آیا، جب قومی اسمبلی میں جاتا تھا وہاں بڑے مجرم، ڈاکو نظر آتے تھے، سوئٹرزلینڈ جیسا ملک دنیا کا امیر ترین ملک ہے، سوئٹرزلینڈ کا انصاف کا نظام چوروں کو جیل میں ڈالتا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ شہباز شریف اوراسکے بیٹے نے 16 ارب ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھجوائے، شہبازشریف اوراسکے بیٹے کو جب سزا ہونی تھی جنہوں نے سازش کی اسکو ملک کا وزیراعظم اور بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا دیا، کیا اللہ کی برکت اس ملک میں آسکتی ہے جہاں غریب کوجیل میں ڈال دیا جائے، اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں،عمران خان اس لیے آپ کو اسلام آباد جانے کی دعوت دینے آیا ہوں، اسلام آباد حقیقی آزادی مارچ کے لیے سب کو تیار کرنے آیا ہوں، اگر قوم اب باہر نہ نکلی تو دوغلامیاں کریں گے، ایک امریکا کی غلامی، دوسری ملک لوٹنے والے ڈاکوؤں کی کرنی پڑے گی، کیا آپ لوگ ہو ۔

عمران خان نے کہاکہ مجھے پتا ہے ملتان میں بہت گرمی ہے، جب انقلاب آتا ہے تو گرمی، بارش، سردی نہیں دیکھی جاتی، اگرمجھے گرمی نہیں لگتی تو آپ سب مجھ سے چھوٹے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ جب مجھے ہٹایا گیا تو تب سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا تھا، سوچا تھا تنہا بھی نکلنا پڑا تو نکلوں گا، جب بھی اللہ کے پاس جاؤں گا تو کہوں گا میں نے پوری کوشش کی، مجھے اندازہ نہیں تھا پوری قوم میرے ساتھ کھڑی ہوجائیگی، اندازہ نہیں تھا ،دلیر باشعور خواتین اور سکول کے بچے بھی باہر نکلیں گے، ہرشعبے کے لوگوں نے مجھے اسلام آباد جانے کا کہا ہے، پولیس والوں نے کہا ہماری ڈیوٹی ہے لیکن گھر والے سارے جائیں گے۔

عمران خان نے کہاکہ سول سروس کے لوگ بزدل ہوتے ہیں تاہم ان کی فیملیز نے بھی جانے کا کہا ہے، ہمارے فوجیوں کی فیملیز، سارے ریٹائرڈ فوجی بھی تیار ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آج تک فوجی قربانیاں دے رہے ہیں، غلام قوم کی کوئی قدرنہیں کرتا۔ عمران خان نے کہاکہ اسلام آباد میں دنیا کا سب سے بڑا سمندردیکھ رہا ہوں،یہ سیاست سے بات اوپر چلی گئی ہے، یہ وہ انقلاب ہے جو پاکستانیوں کو ایک قوم بنا رہا ہے، ایک چھوٹے سے امریکی افسر کی کیا جرات جو 22 کروڑ پاکستانیوں کودھمکی دے، بے شرم تم ہو، تمہاری معافی کی ہمیں ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نبیؐ کے امتی ہیں، دنیا میں ہمارے نبی ؐ سب سے عظیم انسان تھے، ہمارا کلمہ کہتا ہے اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکنا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں کہتے ہوروس سے سستا گندم، تیل نہیں لے سکتے، امریکی سرکار کہتی ہے روس سے تیل لینے کی اجازت نہیں ہے، بھارت امریکا کا سٹرٹیجک پارٹنر ہیں، بھارت نے امریکا کو جواب دیا آزاد ملک ہیں، روس سے تیل لیں گے، ہمارے ساتھ ہندوستان آزاد ہوا، انکی غیرت مند خارجہ پالیسی ہے، ہمارے ملک میں چیری بلاسم بوٹ پالش ہیں، شہبازشریف امریکی کو دیکھتا ہے تو کانپیں ٹانگنا شروع ہوجاتی ہیں، امریکا کو واضح کہا سب سے دوستی کریں گے کسی سے دشمنی نہیں، واضح کہا کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔

عمران خان نے کہاکہ امریکا کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں کی قربانیاں دیں، امریکا نے پاکستان کی قربانیوں پرایک دفعہ بھی شکریہ ادا نہیں کیا، جنگ کی وجہ سے قبائلی علاقے اجڑگئے، سوات میں40لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی ہمارا کیا قصورتھا ہمارے ساڑھے 6 ہزارفوجیوں نے قربانیاں دیں، ہماری کیا غلطی تھی، مشرف نے گھٹنے ٹیک کرپاکستان کا نقصان کرایا، جب مجھ سے بیسز مانگنے پرسوال پوچھا گیا توابسولیٹلی ناٹ کہا، میں نے واضح کردیا تھا امن میں ساتھ دیں گے لیکن کسی جنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ مجھے 22 کروڑپاکستانیوں نے منتخب کیا تھا، میرا کام 22 کروڑپاکستانیوں کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہے، روس، یوکرائن جنگ میں کہا گیا مذمت کریں۔ عمران خان نے کہاکہ بھارت کشمیرمیں ظلم کررہا ہے کیا کبھی امریکا نے کشمیری مظالم کی مذمت کی ہی اسرائیل فلسطین میں ظلم کر رہا ہے کیا امریکا میں اتنی جرات ہے مذمت کرے۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ نوازشریف، زرداری کی اربوں کی جائیدادیں باہراس لیے ان کے غلام ہیں، ان کوزرداری، نواز شریف کی عادت پڑی ہے، دونوں کے دورمیں 400 ڈرون حملے ہوئے، دونوں بے شرموں نے ایک دفعہ بھی مذمت نہیں کی، کیا زرداری،نوازشریف میں اتنی جرات تھی کہ برطانیہ سے پوچھتے کیا ہم لندن میں الطاف حسین پربمباری کرنے کی اجازت دوگے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا اسلام آباد جلسے سے قبل آخری جلسہ ہے، ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، لوٹوں کو نا اہل کردیا گیا ہے، اتوار کو میں نے پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے جس میں فیصلے کے بعد 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا اعلان کریں گے۔انہوںنے کہاکہ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پرسوں میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا تاکہ آپ سب کو تیاری کا وقت مل جائے، انہوں نے مزید کہ 25 سے 29 تک آپ کو اسلام آباد آنے کی تاریخ مل جائے گی اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب اسلام آباد آنے کی تیاری کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات