Live Updates

پنجاب میں تبدیلی ضرور ہو گی ، عدالتی وزیر اعلیٰ سے جلد صوبے کی جان چھوٹ جائے گی ،لیگی رہنماء

پیر 9 جنوری 2023 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی ضرور ہو گی ، عدالتی وزیر اعلیٰ سے جلد صوبے کی جان چھوٹ جائے گی ،پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پاس ارکان کی مطلوبہ تعداد نہیں جبکہ ہمارے نمبرز پورے ہیں،عمران خان کی اصلیت سامنے آنے پر مایوس لوگ اپنے لیے نئی پارٹیاں اور نئی پناہ گاہیں ڈھونڈرہے ہیں ،صوبے کے عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ،مونس الٰہی اپنے ابا جی کو بچانے اور بندے پورے کرنے کے بجائے لوٹ مار کی دولت سے عیاشی کررہا ہے،خود ساختہ آٹا بحران اور مہنگائی کا عمران خان اور ان کی جماعت سے حساب لیاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر ریلویز و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق ، مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری اور رانا مشہود احمد نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کسی چیز سے مشروط نہیں،عدالتی معاملات پر کوئی ریڈلائن کراس نہیں کروں گا،مریم نواز کوپارٹی کاآرگنائزرلگانااچھی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس ووٹ پورے ہیں تواعتماد کاووٹ کیوں نہیں لے رہے، پرویزالٰہی ہمارے قریب آئیں اللہ وہ نوبت نہ لائے۔پاورشیئرنگ فارمولے کاکوئی علم نہیں، میرے خیال میں اسمبلی کے اندرہمارے بے شماربندے موجود ہیں۔ عمران خان کی اصلیت سامنے آنے پر لوگ مایوس ہورہے ہیں، وہ لوگ اپنے لیے نئی پارٹیاں ،نئی پناہ گاہیں ڈھونڈرہے ہیں ، جب کسی پارٹی کی مقبولیت کاگراف گرتاہے تولوگ نئی پارٹیوں میں جاتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد جس کے پاس ہے وہی آٹابحران کے ذمہ دارہیں۔پنجاب میں تبدیلی ضرور ہوگی،عمران خان کے مبینہ ڈاکو کوفارغ توہوناہے، الیکشن اپنے وقت پرہی ہوں گے۔وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گورنر کو آئین پاکستان واضح اختیار دیتا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے لئے کہیں ،گورنر نے آئین کے تحت ہی وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہا،اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر وزیراعلی نے وہی کچھ کیا جو عمران خان کے معاملے پر ڈپٹی سپیکر نے کیا تھا، یہ عمل ریورس ہو گیا تھا۔

ہماری اطلاعات کے مطابق اس وقت وزیراعلی کے پاس ووٹ پورے نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ اعتماد کا ووٹ لیتے ہیں تو ہم ووٹ کے عمل کی مانیٹرنگ کریں گے،کہیں یہ اعتماد کے ووٹ کے دوران پیرا پھیری نہ کریں۔سعد رفیق نے کہا کہ ہم پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہیں،ہماری اطلاعات کے مطابق انکے پاس اب ارکان کی مطلوبہ تعداد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اب جگہ نہ ملی تو پنجاب میں پائوں رکھنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی ،ہمیں پنجاب 4،5ماہ کے لئے مل گیا تو بہت کچھ کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ ارکان اسمبلی کے مسائل حل کرنے کے لئے اسٹیٹ گیسٹ ہائوس تیار کرا رہے ہیں ،وزیر اعظم کے نمائندے اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں بیٹھیں گے ، وزیر اعظم کے نمائندے ارکان کے جائزہ مسائل کو حل کریں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں تبدیلی انشاء اللہ تو ہر صورت میں ہو گی اور وزیر اعلیٰ کے لئے ہمارے امیدوار حمزہ شہباز شریف ہی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی خوش رہتی ہوں اور آج بھی خوش ہوں، جو جعلی خوش ہوئے تھے اب ان کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں، پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہ لیں آخر گیارہ تاریخ تو آنی ہے، پرویز الٰہی کیلنڈر سے گیارہ تاریخ نوچ کر نہیں پھینک سکتے۔عدالت کے حکم پر ڈنڈے کے زور پر اگر وہ اعتماد کا ووٹ لیں گے پھر بھی لوگ پورے نہیں ہیں، دیکھتے جائیں فلم ابھی باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی اپنے ابا جی کو بچانے اور بندے پورے کرنے کے بجائے کسی اور جگہ پر بیٹھے ہیں،عدالتی وزیر اعلیٰ سے جلد ہی پنجاب کی جان چھوٹ جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کس نے کہا ہمارے پاس نمبر پورے نہیں ہیں آپ کو نمبر دکھائیں گے، سوال ہے پیدا نہیں ہوتا کہ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لے سکیں گے، فلم ابھی باقی ہے جس کی پروڈیوسر خود ہوں۔

رانا مشہود احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کئی سالوں سے عمرانی کھیل رہا تھا،عمران خان نے معیشت کی تباہی ، نوجوان نسل کو بدتمیز کرنے اور کرپشن کا سونامی لے کر آیا، قندیل بلوچ کا قتل کیا گیا مومنہ وحید نے بھی کہہ دیا کہ جنسی درندہ پاکستان پر مسلط کیا گیا، عمران خان اقتدار کا اتنا بھوکا ہے کہ جب ہارتا تو کہتا دوبارہ الیکشن کروائو۔

جب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم کو آئینی و طریقے سے گھر بھیجا گیا تو کہا نیا الیکشن کروائو، پہلے سائفر اور ایبسلوٹلی ناٹ کا ڈرامہ کیاگیا۔سی پیک عمران خان دھرنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی سے آئینی وقانونی طریقے سے اعتماد کا ووٹ مانگا تو عدالت میں چلے گئے،پرویز الٰہی عدالتی وزیر اعلی ہے اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وہ وزیر اعلی نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ پولٹری آٹے و چینی گھی کا بحران پیدا کرکے جیبیں بھر رہے ہیں ،پنجاب کے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس اور مونس الٰہی پیسے اکٹھے کرکے عیاشی کررہا ہے، پنجاب میں آٹا سبزی مرغی کا گوشت گھی مہنگا ہوگیا مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، قوم بھوک سے بلک کررہی ہے ،لوٹ مار کی ساری دولت مونس الٰہی باہر لے گیا ہے،ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔

گجرات کو ڈویژن اس لئے بنایا جنگلات کی زمینوں پر دیہاڑی لگا رہے اب دیہاڑی والوں کے جانے کا وقت آ گیا ہے، پنکی پیرنی اور فرح گوگی نے لوٹا، وہ کہاں ہیں عدالتیں جو صادق و امین کے سرٹیفکیٹ بانٹے رہے ،ثاقب نثار قوم سے معافی مانگیں۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی و عدالتوں سے انصاف چاہتے ہیں۔عمران خان کی ویڈیوز پرانی ہے جو رائٹر ڈائریکٹر کو کردار کا معلوم تھا ،اس وقت تمام کرداروں کو جنہوں نے پاکستان کا راستہ کھوٹا کیا معیشت کا یہ حال کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات