Live Updates

مظفر آباد، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام یوم تشکر ریلی کا انعقاد

منگل 20 مئی 2025 23:28

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر سیزفائر لائن کے قریب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر (عباسپور ) کے زیر اہتمام یوم تشکر ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء چوہدری محمد ریاض ،سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان ، چوہدری پرویز اشرف ،وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،میاں عبد الوحید ،سردار ضیاء القمر ،معاون خصوصی نبیلہ ایوب ،راجہ مبشر اعجاز سمیت مرکزی قیادت بھی موجود تھی ۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن بھارت پر پاک فوج کی ہیبت طاری کر دی جس طرح ہماری پاک فوج نے وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا اور پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کو یقینی بنایا اس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے اس دورے کا مقصد متاثرین کنٹرول لائن کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی ہے کیونکہ آپ بہادر لوگ ہیں جنہوں نے بھارت کی جارحیت کا مقابلہ انتہائی جرات اور بہادری سے کیا ہے اور اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا مشن لیکر آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر کنٹرول لائن متاثرین کیلیے وفاقی حکومت نے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے ،چییرمین بلاول بھٹو زرداری بھی آپ کے ساتھ ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یسین نے کہا کہ پاک فوج نے جس بہادری ،جرات اور جوانمردی کے ساتھ ملکی سرحدوں کا دفاع کیا وہ اپنی مثال آپ ہے ،بنیان مرصوص نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے اور مودی کا غرور نیچے کر دیا ،مودی کو اب سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی جس طرح ہماری بری ،بحری اور فضائی افواج نے اس معرکہ حق میں اپنے پروفیشنل ازم کا لوہا منوایا اس کی نظیر نہیں ملتی۔

اس موقع پر میزبان جلسہ سردار امجد یوسف نے کہا کہ عوام اپنے وطن کی حفاظت کیلیے پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں ، پاک فوج نے جس دیدا دلیری سے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا اس کی مثال نہیں ملتی ۔سردار ضیاءالقمر نے کہا کہ پاک فوج نے معرکہ حق میں فتح یاب ہو کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ،مودی کو وہ ہزیمت اٹھانی پڑی ہے کہ اسکی نسلیں یاد رکھیں گی ۔سردار سعود صادق نے کہا کہ پاک فوج نے جس پروفیشنل انداز میں معرکہ حق انجام دیا اس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی داد رسی کی جائے گی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات