کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کے جذبہ کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، خضدار بس واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کے والدین کا حوصلہ اور جذبہ قابل دید ہے، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے لیکن بھارت کے مکروہ عزائم خاک میں ملائیں گے اور ہر صورت امن قائم کریں گے، بھارت کو دنیا بھر میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، اب وہ سافٹ ٹارگٹ پر اتر آیا ہے، فتنہ الہندوستان کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، مودی اور اس کے حواری سازش کے ذریعے اپنی تقاریر میں بلوچستان کا ذکر کرتے ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا عزم ہے کہ بلوچستان امن کا گہوارہ بنے، پاکستان کی کامیابی ہے کہ کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر پھر اجاگر ہوا ہے۔
(جاری ہے)
جمعہ کو یہاں خضدار بس سانحہ کا شکار بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خضدار بس کے دلخراش واقعے میں ہمارے بچوں نے عظیم قربانی دی، متاثرہ بچوں کے والدین کا عزم اور جذبہ بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبیدار سلیم نے اپنی دو بیٹیوں کی تدفین کی جبکہ ان کا تیسرا بیٹا شدید زخمی ہے، اس کے باوجود وہ ایمبولینس کے آگے پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
ایک شخص کے چار بچے شدید زخمی ہوئے لیکن ان کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج انٹرنیشنل اور نیشنل میڈیا کو خضدار میں اصل صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے لایا گیا تاکہ دنیا کو حقائق سے باخبر رکھا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت معرکہ حق آپریشن’’ بنیان مرصوص" میں شکست کے بعد اب سافٹ ٹارگٹس پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کلبھوشن یادیو کی بلوچستان سے گرفتاری ہمارے پاس بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند گلزار امام شمبے اور سرفراز بنگلزئی نے بھی بھارتی سرپرستی کا خود اعتراف کیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔ آپریشن" معرکہ حق" کے دوران بھی بلوچستان میں 33 حملے کئے گئے جو بھارت کے مذموم عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ آڈیوز سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ بھارتی ہینڈلرز کس طرح دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور افواج پاکستان ہر محاذ پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ "فتنہ الہندوستان" کو ہر جگہ بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مودی حکومت کا بلوچستان کے واقعات سے کیا تعلق ہے کہ وہ اپنی تقاریر میں بار بار اس کا ذکر کرتا ہے؟ جعفر ایکسپریس واقعہ کی وڈیو ان دہشت گردوں نے بھارتی میڈیا کو فراہم کی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں براہ راست ملوث ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے حوصلے اور عزم بلند ہیں۔ بھارت کو روایتی جنگ میں منہ کی کھانی پڑی، اس کے چھ جہاز گرائے گئے اور خود بھارت نے تسلیم کیا کہ اسے بھاری نقصان ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، افواج پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے مل کر بلوچستان میں امن بحال کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ ایسے قانون بنائے جائیں کہ ہر دہشت گرد کو سزا یقینی بن سکے، اس کے لئے پارلیمان کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، یہ ہر پاکستانی کی دل کی آواز ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹا جا رہا ہے۔
بلوچستان حکومت اور پاک آرمی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا عزم ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہارے ہوئے وزیراعظم کی تقریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ابھی تک اپنی شکست پر حیران ہے۔ گجرات کے قصائی مودی کو شکست اور ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب پاکستان میں فتح کا جشن منایا جا رہا تھا تو دوسری طرف بھارت میں مودی حکومت سے سوالات اٹھائے گئے جس کا جواب دینے سے وہ قاصر ہیں۔
بھارتی میڈیا، سیاستدان اور سول سوسائٹی مودی حکومت جواب مانگ رہے ہیں اور ان کے پاس ان کے سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت اب صرف دھمکیوں تک محدود رہ گیا ہے، مودی ایک ناکام اور ہارا ہوا سیاستدان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہر صورت بے نقاب کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی اور بڑی کامیابی یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے حکومتی اپروچ ہر جگہ موجود ہے اور مسائل کے حل کے لئے تسلسل سے اقدامات کئےجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تواتر کے ساتھ بلوچستان کا دورہ کرتے رہیں گے اور اور تمام امور کو موثر انداز میں نمٹاتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بچوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کا حوصلہ دیکھ کر دل مضبوط ہوا۔ زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک یہ جذبہ قائم ہے، پاکستان کو کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا، بچوں کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔\932