Live Updates

کے الیکٹرک ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح اہل کراچی کا خون چوس رہی ہے ،ْمنعم ظفر خان

جماعت اسلامی کا مشاورتی عمل جاری ہے ،ْکے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو شہر کی اہم شاہراہوں کو بند کرنے کی کال دیں گے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ،ْ فارنزک آڈٹ کروایا جائے ، کراچی کونیشنل گرڈ سے بجلی دی جائے ،ْامیر جماعت اسلای کراچی کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 28 مئی 2025 04:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پیر کے روز ادارہ نورحق میں شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ، پانی کے بحران ودیگر عوامی مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کے الیکٹرک ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح اہل کراچی کا خون چوس رہی ہے ،ستم بالائے ستم اسے نوازا جارہا ہے،7سالہ ملٹی ائیر ٹیرف کی منظوری کے نتیجے میں ایک جانب 3روپے 34پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوگادوسری جانب ڈالر بیسڈ ریٹ مقرر کرنے سے جیسے جیسے ڈالر بڑھے گا بجلی کے بل میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا ، اس سب کی ذمہ دار نیپرا ،پاور ڈویژن ،وفاقی حکومت اورصوبائی حکومت ہیں ، کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی و نااہلی کی وجہ سے شدید گرمی وحبس کے موسم میں 18،18گھنٹوں کی اعلانیہ ،غیر اعلانیہ و طویل لوڈ شیڈنگ اورپانی کی عدم فراہمی اہل کراچی پر ظلم ہے ، ملیر ،کھوکھراپار ،ماڈل کالونی ،پاک کوثرٹائون ، S2کے عوام گزشتہ 7روزسے ملیر و شاہ فیصل آئی بی سی کے سامنے احتجاج کررہے ہیں، اسی طرح جناح اسکوائر ،اورنگی ، کورنگی ،سرجانی میں لوگ سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں، یہ وہ رہائشی علاقے ہیں جوپور ا بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود طویل لوڈ شیدنگ کے عذاب سے دوچار ہیں ، اگر بجلی کی چوری ہورہی ہے تو چوروں کو پکڑنا حکومت ، نیپرا اور کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، اس کی سزا بل کی ادائیگی کرنے والوں کو نہ دی جائے ، جماعت اسلامی کا مشاورتی عمل جاری ہے، اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام آئی بی سیز ،چوکوں اور چوراہوں کے ساتھ نیشنل ہائی وے ،سپر ہائی وے ،شاہراہ اورنگی و شاہراہ کورنگی بند کردیں گے اورکے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے بھی دھرنا دیا جائے گا، حکومت فوری طور پر کے الیکٹرک ناقص کارکردگی و نااہلی کا نوٹس لے اور پابند کرے کہ وہ کراچی کے شہریو ں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرے ،جماعت اسلامی نے سندھ ہائی کورٹ میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پٹیشن دائر کردی ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے ،قومی تحویل میں لے کر فارنزک آڈٹ کروایا جائے ،ملک میں اضافی بجلی موجود ہے ،اگر قومی گرڈ سے بجلی فراہم کی جائے تو کراچی کو کے الیکٹرک کی ضرورت نہیں رہے گی ، کراچی میں نلوں کے ذریعے پانی کے نظام کو بحال کیا جائے ، کے فور منصوبہ مکمل اورکراچی کویومیہ 650ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جائے ،اس وقت بمشکل 450ایم جی ڈی روزانہ پانی دیا جارہا ہے ، عید الاضحی کے بعد ہم شہر میں ایک بڑی عوامی مہم شروع کررہے ہیں ، جماعت اسلامی اہل کراچی کے مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی اور ہر آئینی اور جمہوری طریقے استعمال کرے گی ۔

(جاری ہے)

28مئی1998 کو پاکستان ایٹمی طاقت بناتھااور اس کا کریڈٹ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتا ہے ، ’’یوم تکبیر ‘‘کو’’ یوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان ‘‘کے طور پر منایا جائے گا ، کراچی میں تمام یونین کونسلز اور ٹائونز میں بینرز آوایزاں کیے جائیں گے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔پریس کانفرنس میں سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، پبلک ایڈ کمیٹی کے سکریٹری نجیب ایوبی ، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے چیئرمین و نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہد اور سینئر ڈپٹی سکریٹری صہیب احمد بھی موجود تھے ۔

منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ شہر میں ایک بڑا مسئلہ پانی کی عدم فراہمی کا بھی ہے،گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس میں بتایا گیا کہ 2025میں مکمل ہونے والا کے فور منصوبہ اب 30جون 2026کومکمل ہوگا ،گزشتہ 20سال سے کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا ، کراچی کا پورا ڈسٹرکٹ سینٹرل پانی سے محروم ہے ، فیڈرل بی ایریا ،لیاقت آباد ،ناظم آباد ، نارتھ کراچی ،گلشن اقبال میں پانی فراہم نہیں کیا جارہا ، شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں ، عوام کو نلکوں میں تو پانی میسر نہیں لیکن ہائیڈرینٹس پر24گھنٹے پانی فراہم کیا جارہا ہے ، 3ہزار کے پانی کا ٹینکر 15سے 16ہزار میں فروخت کیا جارہا ہے اور اربوں روپے پانی کے ذریعے کمائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ پر گزشتہ سال 5کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا،جس پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے ڈھٹائی سے جواب دیا اور کہاکہ ہم نے جرمانہ اداکردیا لیکن ہم پابند نہیں ہیں ہم تو لوڈشیڈنگ کریں گے، گزشتہ دنوں حکومت سندھ کی کمیٹی نے سی ای او کے الیکٹرک کو طلب کیا لیکن وہ نہیں آئے۔ انہوں نے کہاکہ اہل کراچی کو پانی میسر ہے ،نہ بجلی ،اسٹریٹ کرائمز عروج پر ہیں ، آئے دن لوگ ہیوی ٹریفک کے حادثات میں جاں بحق ہورہے ہیں ، شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے ، اس سب کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ،ایم کیوایم سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل تما م جماعتیں ہیں، اگر پورے پاکستان میں 13کھرب روپے ٹیکس جمع ہوتا ہے تو اس میں تقریبا8کھرب روپے کراچی اداکرتا ہے ایسے شہر کے ساتھ یہ سلوک کیا جارہا ہے ،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی موٹریں بھی نہیں چل سکتیں ، پمپنگ اسٹیشن بند ہوجاتے ہیں ۔

انٹر کے امتحانات ہورہے ہیں ، طالبعلم شدید کرب اور اذیت سے گزررہے ہیں، رات میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگ نیند پوری نہیں کرپارہے ، جس کی وجہ سے دفاتر میں ان کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے ، لوگ جگہ جگہ احتجاج کرنے پر مجبور ہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات