Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف کی ماڈل ٹائون میں نماز عید کی ادائیگی، مسلم ممالک کے رہنمائوں کو مبارکباد کیلئے ٹیلی فون اور حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران امن کی کوششوں کی تعریف، قومی سیاسی رہنمائوں کو بھی عید کی مبارکباد دی

پیر 9 جون 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےعیدالاضحیٰ کے ایام نہایت مصروف گزارتے ہوئے متعدد اسلامی ممالک کے سربراہان اور قومی سیاسی رہنمائوں کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتہ کو ماڈل ٹائون لاہور میں نماز عید الاضحیٰ ادا کی اور بعدازاں ملائیشیا، ترکیہ، تاجکستان، آذربائیجان، مصر، کویت، اردن، ازبکستان، بحرین، ایران، عمان اور قازقستان سمیت مسلم ممالک کے رہنمائوں کو عید کی مبارکباد دی اور حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران ان کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری، گورنرز، وزراء اعلیٰ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء اور قومی سیاسی رہنمائوں سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے بھی وزیرا عظم کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔وزیراعظم نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں سے عید ملے۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنمائوں نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا۔

انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ دونوں رہنمائوں نے غزہ میں امن اور بے گناہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے بھی دعا کی۔محمد شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران حمایت اور متوازن موقف پر ملائیشیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اس حوالہ سے کشیدگی کے عروج کے دوران 4 مئی 2025ء کو ملائیشیا کے وزیر اعظم کے ساتھ کی جانے والی ٹیلی فونک گفتگو کا خصوصی تذکرہ بھی کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوششیں کی ہیں تاہم ہمارے پاس بے گناہ پاکستانیوں کے خلاف کی گئی بھارت کی فوجی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی گئی۔

دونوں وزراء اعظم نے پاکستان ملائیشیا تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان ٹیلیفونک گفتگو کے دوران انہیں اور تاجکستان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران امن اور مذاکرات کے لیے متوازن موقف پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے اور اسی جذبے کے تحت پاکستان نے امریکہ اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی میں بھارت کے ساتھ جنگ ​​بندی مفاہمت پر اتفاق کیا تھا۔

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بتدریج فروغ پذیر تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہیں، ان کے اہل خانہ اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ایک مرتبہ پھر صدر الہام علیوف سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بھائی چارے کا ثبوت ملتا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان-آذربائیجان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نےمصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیر ا عظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ کئی شعبوں بشمول تجارت ، سرمایہ کاری اور صحت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

مصرکے صدر نے وزیراعظم کی عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعید الاضحیٰ کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارکبا د دی اوردوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران امن اور مذاکرات کی حمایت میں کویت کے مضبوط اور متوازن موقف پر کویت کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی سہولت میں نرمی کرنے پر کویت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاجس سے کویت کو ہنرمند افرادی قوت کی درآمد کے ساتھ ساتھ عوام کے عوام کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔

صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک دوسرے کو ٹیلی فون پر عید کی مبارک باد دی۔دونوں رہنمائوں نے حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال بالخصوص فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرضیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ازبک صدر کے ساتھ ساتھ ازبکستان کے عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور امت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام شعبوں بالخصوص علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جو دونوں ممالک کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بحرین کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنمائوں نے اپنی گفتگو کے دوران امت کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا کی اور غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں اور ایرانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔

انہوں نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے اپنے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ تہران کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں حالیہ پاک بھارت بحران کے ساتھ ساتھ غزہ کی تشویشناک صورتحال بھی شامل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھوں نے سلطان ہیثم اور عمان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران عمان کے موقف پر سلطان سے اظہار تشکر کیا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے ان کی حمایت کو سراہا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ان کو اور ترکی کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ اپنے حالیہ دورہ استنبول اور لاچین کے دوران ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاک بھارت بحران کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت پر صدر اردوان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔

اس اقدام نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے اور پاک ترک بھائی چارے کی تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اپنی پچھلی ملاقاتوں کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں اور قازقستان کے برادر عوام کو عید الاضحی' کی مبارکباد پیش کی۔

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے علاوہ آنے والی مصروفیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی گفتگو ہوئی اور انہوں نے صدر کو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ٹیلیفون کیا اوران کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔صدر آصف زرداری نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان مجموعی سیاسی صورتحال اور مختلف ملکی امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے عید الضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ کیا اور گورنرز کو عید الضحیٰ کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

رہنمائوں نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کوعید الضحیٰ کی مبارک باد دی اور وزیر اعظم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سيد مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحٰی کی مبارکباد دی۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران تمام وزراء اعلیٰ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کو بھی عید الاضحٰی کی مبارکباد دی۔ وزراء اعلیٰ نے وزیر اعظم کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر قومی تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے عید الضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ کرکے سیاسی رہنمائوں کو عید الضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تمام رہنمائوں نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان ، جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی اور قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پائو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحٰی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے چوہدری شجاعت کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔\932
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات