کشمیریوں کا استصواب رائے کا حق نہ ملا تو برصغیر آتش فشاں بنا رہے گا ،پاک بھارت جنگ کا خطرہ رہے گا‘خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:43

کشمیریوں کا استصواب رائے کا حق نہ ملا تو برصغیر آتش فشاں بنا رہے گا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا استصواب رائے کا حق نہ ملا تو برصغیر آتش فشاں بنا رہے گا اور پاک بھارت جنگ کا خطرہ رہے گا ، منتخب ہو یا غیر منتخب، کوئی بھی حکومت کشمیر کاز سے پیچھے نہیں رہ سکتی، ہم کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور امریکہ اسرائیل کے پیچھے کھڑا ہے، وہ وقت جلد آئے گا جب فلسطینیوں کو بھی ان کا حق ملے گا اور وہ آزادی سے جی سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی جانب سے ’’یومِ الحاقِ پاکستان‘‘کے حوالے سے الحاق پاکستان ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج کے تاریخی دن ہم سب کل جماعتی حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں، 19جولائی 1947ے کو سری نگر میں کشمیریوں نے فیصلہ کیا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا، آج صرف لاہور یا پاکستان نہیں بلکہ دنیا بھر میں یہ دن منایا جا رہا ہے، آج ہم جماعتوں، فرقوں یا دھڑے بندیوں سے بالاتر ہو کر اکٹھے ہوئے ہیں۔

کشمیری پہلے ڈوگرہ راج سے لڑتے رہے اور وہ آج بھی بھارت کی لاکھوں کی فوج سے نبردآزما ہیں، کشمیری لازمی وہ دن دیکھیں گے جب وہ پاکستان کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے بھارت کے حملے پر قوم متحد ہوئی اور پاکستان کی فتح سے کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہوا، پاکستان نے کشمیر کے لئے 4جنگیں لڑ کر اپنا لہو کشمیریوں کے لہو کے ساتھ شامل کیا ہے ۔

کشمیریوں کا استصواب رائے کا حق نہ ملا تو برصغیر آتش فشاں بنا رہے گا اور پاک بھارت جنگ کا خطرہ رہے گا ، منتخب ہو یا غیر منتخب، کوئی بھی حکومت کشمیر کاز سے پیچھے نہیں رہ سکتی، آج ہم کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں، ہم کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور امریکہ اسرائیل کے پیچھے کھڑا ہے، امریکہ میں فلسطینیوں کی نشل کشی کیخلاف ریلیاں نکل رہی ہیں، وہ وقت جلد آئے گا جب فلسطینیوں کو بھی ان کا حق ملے گا اور وہ آزادی سے جی سکیں گے۔

قبل ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی جانب سے ’’یومِ الحاقِ پاکستان‘‘کے حوالے سے الحاق پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ریلی مال روڈ پر مسجد شہداء سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، تحریک منہاج القرآن، تحریک لبیک پاکستان سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نیشرکت کی ۔

ریلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ، جماعت اسلامی، تحریک لبیک کے رہنماوں سمیت مقامی کشمیری رہنمائوں اور شہریوں سمیت خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، ’’کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی‘‘کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ریلی کے ساتھ سائونڈ سپیکر پر قومی و ملی نغمے بجائے گئے۔

ریلی کے شرکاء موٹر سائیکل، گاڑیوں پر بھی سوار تھے، پیدل شرکا بھی بڑی تعداد میں ریلی میں شریک رہے۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ریلی کشمیری عوام کے اس تاریخی عہد کی تجدید ہے جو انہوں نے 1947 میں پاکستان سے الحاق کی صورت میں کیا، یہ ریلی آزادی، وفا اور قربانیوں کا پیغام لئے ماضی، حال اور مستقبل کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔ پولیس کی جانب سے ریلی کے شرکاء کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔