اگست ، یوم حقوق کشمیر و فلسطین ،کراچی میں بھی بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ، منعم ظفر خان

اسکولوں ، کالجوں ، گلی محلوں میں یونین کونسل اور ٹائون کی سطح پر ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جائیں گی،پریس کانفرنس سے خطاب ڈاکوئوں کی ہاتھوں شہریوں کی جان ومال محفظ نہیں ، نمبر پلیٹوں کو لسانی رنگ دینے کی کوششیں مسترد ،نمبر پلیٹ مفت فراہم کی جائیں ،آدھا کراچی پانی سے محروم ہے ، نارتھ کراچی اور گلشن حدیدمیں عوام کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں،کے فور منصوبہ فی الفورمکمل کیا جائے ،امیرجماعت اسلامی کراچی

جمعہ 1 اگست 2025 21:45

�راچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 5اگست کو ملک گیر’’ یوم حقوق کشمیر و فلسطین‘‘ کراچی میں بھی بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ، اسکولوں ، کالجوں ، گلی محلوں میں یونین کونسل اور ٹائون کی سطح پر ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جائیں گی ، اہل کشمیر و فلسطین سے بھر پور اظہار یکجہتی اور بھارت ، اسرائیل گٹھ جوڑ بے نقاب کیا جائے گا ۔

جماعت اسلامی کے تحت’’آئوکراچی سر سبز بنائیں شجر کاری مہم‘‘ بھی تیزی سے جاری ہے ، شہر بھر میں بڑے پیمانے پر پودے اور درخت لگائے جائیں گے ، سندھ حکومت اور محکمہ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں ، مسلح ڈکیتی کی وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں ، شہر میں موت کا رقص جاری اور ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں ، رواں سال56افراد ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی زندگی گنوا بیٹھے ہیں جبکہ 514افراد ٹریفک حادثات کا شکار اور 154شہری خونی ہیوی ٹریفک کے ہاتھوں اپنی جان سے جا چکے ہیں لیکن سندھ حکومت اور پولیس کو صرف نئی نمبر پلیٹوں کی فکر ہے ، انہیں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ سے کوئی غرض نہیں ، نمبر پلیٹوں کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہین کہ نئی نمبر پلیٹیں مفت فراہم کی جائیں ، سندھ حکومت 21لاکھ گھر دینے کی بڑی تشہیر کر رہی ہے اورشرجیل میمن کا دعویٰ ہے کہ وہ 8لاکھ گھر دے کر عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں ، معلوم نہیں کہ یہ گھر کہاں ہیں زمین پر تو نظر نہیں آتے شاید مریخ پر دیے گئے ہوں شرجیل میمن جواب دیںکیوں بی آر ٹی کے نام پر شہر کی اہم شاہراہ کھود کررکھ دی ہے کریم آباد انڈرپاس کے نام پر دو سال سے پورا کریم آباد کھود کے رکھا ہوا ہے ، شہریوں کا جینا عذاب ہوگیا ہے ، لوگوں کا کاروبار تباہ ہوگیا ہے ، کراچی کے کسی پروجیکٹ کی ڈیڈ لائن موجود نہیں ، سارا کام اگر ہورہا ہے تو وہ بھٹو ایکسپریس وے پر ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

شہر میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے ، آدھا کراچی پانی سے محروم ہے ، نارتھ کراچی اور گلشن حدیدمیں عوام کئی دنوں سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، کے فور کے لیے 40ارب روپے درکار تھے لیکن وفاقی بجٹ میں صرف 3.2ارب روپے رکھے گئے ، نواز لیگ ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تینوں وفاق کا حصہ ہیں لیکن ان کو کراچی کے عوام کے مسائل سے کوئی سر کار نہیں ، کے فور منصوبہ فی الفور مکمل کیا جائے ،منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں گزشتہ 6ماہ میںتین سوسے زائد افراد مختلف وارداتوں کا شکار ہوچکے ہیں، کوئی محفوظ نہیں ہے ،حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں، گزشتہ چھ ماہ میں 26ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چھن چکی ہیں اور پولیس کے مطابق صرف دوہزار موٹر سائیکلیں بازیاب ہوئی ہیں ، ٹریفک پولیس صرف چالان کرنے میں مصروف عمل ہے ،نوجوانوں کو جگہ جگہ روک کر کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے ، بھاری بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں ، نمبر پلیٹ کی رقم خریداری کے وقت پہلے ہی اداکرچکے ہیں، گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی قیمت 24سو پچاس روپے ،موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ کی قیمت 18سو پچاس روپے ہے ،3ملین گاڑیاں ہیں ، آپ کہتے ہیں کہ 735بلین روپے ان 3ملین گاڑیوں کے ذریعے حاصل ہوں گے ، موٹر سائیکلوں کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم علیحدہ ہے ، انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوںوفاقی وزیر آبی وسائل کے وزیر میاںمعین وٹو نے ایم کیو ایم کی رانا انصار، ناصر شاہ اور واپڈاکے چیئر مین کے ساتھ کے فور کے پروجیکٹ کا دورہ کیا لیکن اس سے کچھ حاصل نہیں ہوا،صرف ان نمائشی دورں اور ایک دوسرے پر بیان بازی سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، اس وقت شہر کراچی کا بڑا حصہ پینے کے پانی سے محروم ہے ،اورنگی ٹائون میں مہینوں مہینوں پانی نہیں آتا ، لانڈھی ،فیڈرل بی ایریا ، نارتھ ناظم آباد بھی پانی سے محروم ہیں،کیا کنڈی مین ،کیالائن مین ، ایکسئین ، سپریٹینڈنٹ انجینئر ،واٹر بورڈ سے لے کر بلاول ہائوس تک ہر جگہ کرپشن کا دھندا جاری ہے ،انہو ں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ دنوں گلبرگ میں بہادر یار جنگ اسکول کا افتتاح کیا ، ڈیڑھ کروڑ مالیت سے سرکاری اسکول کو ازسر نو بحال کیا گیا، شہر میں 150سے زائد پارکس بحال کیے جاچکے ہیں، جماعت اسلامی کا تعمیر وترقی کا یہ سفر جاری وساری رہے گا ۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ اہل کشمیر 78سال سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، کشمیر کی آزادی کے بغیر برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نا مکمل ہے ، 5اگست 2019کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی دفعہ370اور 35Aکو ختم کردیا جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بھی خلاف ہے ، ایک جانب بھارت اور دوسری جانب اسرائیل ہے ، دونوںکو امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے ،اسرائیل اب تک تقریباًً 60ہزار سے زائد فلسطینی شہید کر چکا ہے ، بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ، امداد پہنچنے کے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں ، غزہ میں ہر پانچ میں سے ایک بچہ بھوک کا شکار ہے ، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرانے پر ناکام ہوچکا ہے ، مسلم دنیا کے بے ضمیر حکمرانوں پر موت کا سناٹا طاری ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم کے دنیا کے سپہ سالار یکجا ہوکر اسرائیل کو واضح پیغام دیں ، پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے اور اس نے حال ہی میں بھارت جیسے بڑے دشمن کو میدان جنگ میں شکست فاش دی ہے ، اس لیے پاکستان مسلم دنیا کی قیادت کرنے کا اہل ہے۔

پریس کانفرنس میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ، نائب امیر کراچی راجہ عارف سلطان، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اورسیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی بھی موجود تھے۔