پاکستان برطانیہ اور امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات اور تجارتی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

منگل 19 اگست 2025 01:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ اور امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے اور ان ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھائے گا۔ پیر کو پی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ برطانیہ نہایت مفید اور مثبت ہے، برطانوی وزیر مملکت سے ملاقات کے دوران انہوں نے افغانستان اور ایران سے متعلق معاملات سمیت مختلف دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار اپنے تین روزہ دورے کے دوران لندن میں برطانیہ کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل منگل کو دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے، پاکستان دولت مشترکہ کا ایک اہم رکن ہے اور اس کی سرگرمیوں میں متحرک انداز سے حصہ لیا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ کی نائب وزیر اعظم انجیلا رینر سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تجارت اور معیشت سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنی دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے کوشاں ہے جس کا مقصد اسے چار ارب ڈالر کی موجودہ سطح سے بڑھانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی ختم کر دی ہے جبکہ پی آئی اے کی برطانیہ بالخصوص مانچسٹر کیلئے پروازیں ستمبر کے اوائل میں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان نے تنازعات کے پرامن حل کیلئے قرارداد پاس کی۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے تنازعات کے پرامن حل سے متعلق ان کا بیان باضابطہ طور پر منظور کر کے اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر ڈال دیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ میں فرانس اور سعودی عرب کی طرف سے بلائی گئی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران پاکستان نے بہترین انداز سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا جس میں غزہ میں جنگ کے خاتمے، غزہ کے لوگوں کو امداد کی بلا تعطل فراہمی اور غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کا مطالبہ کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اصولی موقف پیش کیا کہ وہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ ماضی قریب میں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے تعمیری ملاقات ہوئی جس کے دوران انہوں نے علاقائی مسائل، دوطرفہ تعاون اور انسداد دہشت گردی پر جامع بات چیت کی۔پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے، انہوں نے اس سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں امریکہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ10 مئی کو سیکرٹری روبیو نے ان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ بھارت جنگ بندی چاہتا ہے جس کے بعد پاکستان نے بھی دشمنی ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں ہے، انہوں نے ذکر کیا کہ جون میں پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو روکنے کی کوششوں پر امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو یہ مان لینا چاہیے کہ حالیہ تنازع میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی لیکن بھارتی وزیر اعظم اپنی شرمندگی اور ہزیمت چھپانے کیلئے سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کو روکنے میں امریکہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان اور برطانیہ کے کردار کو سراہا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن سے ان کی ملاقات پاکستان میں حالیہ سیلاب میں ہونے والے المناک جانی نقصان کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عسکری اور سفارتی محاذ پر بڑی ی کامیابیاں ملی ہیں، انہوں نے عسکری اور سفارتی محاذ پر پر کامیابیاں حاصل کرنے پر پاکستان کے بیانیے اور مسلح افواج کی قیادت کو اجاگر کرنے پر پاکستانی سفارتکاروں اور میڈیا کو سراہا۔