دو غیر ملکی خواتین کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ائیرپورٹ سے داخلے کی اجازت پر ایف آئی اے امیگریشن عملے کی راول لاؤنج شفٹ کا عملہ معطل

جمعہ 7 فروری 2014 07:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے دو غیر ملکی خواتین کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ائیرپورٹ سے داخلے کی اجازت پر ایف آئی اے امیگریشن عملے کی راول لاؤنچ کی شفٹ کے عملے کو معطل کر دیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کی شب وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر فرائض سے غفلت برتنے اور دو غیر ملکی خواتین داخلے کی اجازت دینے پر ایف آئی اے کا عملہ معطل کیا ہے۔

ایف آئی الے ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کے حکم پر صرف راول لاؤنج کی ڈیوٹی پر مامور دو خواتین اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے جن میں ایک اے ایس آئی اور ایک ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایک امیگریشن کی ایک شفٹ کے عملے کی تعداد 50سے زیادہ ہوتی ہے جن کو یک مشت معطل کرنے سے کام رک جاتا ہے تاہم صرف واقعہ کے ذمہ داران او ر ان کے انچارج کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے، تاہم وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر تعینات امیگریشن کا سارا عملہ معطل کیا گیا ہے جن کی موجودگی ہے مذکورہ واقعہ پیش آیا تھا۔

(جاری ہے)

واضخ رہے گزشتہ دنوں دو روسی خواتین کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس واقعہ کا وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کی تھی جس کے بعد گزشتہ ذمہ داروان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے تاہم اصل صورتحال انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد آئے گی کہ اس معاملے میں کون کون ملوث ہے ۔