پا کستان بغیر کسی مفاد کے افغانستان میں امن عمل کی حمایت کرے گا ،چودھری نثار ،2014ء خطے اور افغانستان کیلئے انتہائی اہم سال ہے ،افغانستان میں قیام امن کے لئے تمام شراکت داروں کو مشترکہ طور پر ایمانداری اور خلوض نیت کے ساتھ کردار ادا کرنا ہوگا، وفاقی وزیر داخلہ کی جاپانی سفیر سے ملاقات

جمعہ 7 فروری 2014 08:06

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان بغیر کسی مفاد کے پڑوسی اور دوست ملک کی حیثیت افغانستان میں امن عمل کی حمایت کرے گا ،2014ء اس خطے اور افغانستان کے لئے انتہائی اہم سال ہے جب غیر ملکی افواج کا وہاں سے انخلاء ہو جائے گا تاہم جس صورتحال پر ایک لکھ 30ہزار سے زیادہ غیر ملکی افواج قابو نہیں پا سکیں اس کو کنٹرول کرنا افغان حکومت کے لئے اہم چیلنج ہوگا، افغانستان میں قیام امن کے لئے تمام شراکت داروں کو مشترکہ طور پر ایمانداری اور خلوض نیت کے ساتھ کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام جاپانی سفیر ہیروشی انو ماٹا سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جاپان ہمارا ہمیشہ سے دوست ہے جس نے ہمشہ پاکستان میں کے معاشی حالات کے سدھار اور سیاسی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور جاپان پاکستان کے کئی میگا پراجیکٹس اہم ڈونر ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 2014اس خطے کے لئے بالعموم اور افغانستان کے بالخصوص انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاہم اس بارے میں صورتحال واضح نہیں مگر افغانستان میں قیام امن کے لئے تمام شراکت داروں کو آپس میں زیادہ سے زیادہ تعاون بڑھانا ہوگا، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء سے ایک ایسا خلا پیدا ہو گا جس کو فوری پر کرنا مشکل ہوگا، انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس میں 1لاکھ 30سے زیادہ غیر ملکی افواج کے دستے صورتحال کو کنٹرول نہیں کر سکے اس کوحالیہ صورتحال میں قابو کرنے وہاں کی مقامی حکومت اور افواج کے لئے ایک بڑا چیلنج ہو گا۔

چودھری نثار علی خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اس حوالے سے پالیسی واضح کر دی ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے بغیر کسی مفاد کے اپنا کردار ادا کرے گا اور غیر ملکی افواج کے انخلاء میں یہاں کے شراکت داروں کو پوری طرح مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دہشتگردی و انتہاء پسندی کے مسائل سے دوچار ہے جن کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے تاہم موجودہ حکومت پاکستانی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کرنے کی ہزگز اجازت نہیں دے گی۔

اس موقع پر جاپانی سفیر نے وزیر داخلہ کو بتایاکہ اس سال کے آخر میں جاپان کی طرف سے ایک بڑے دورے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں،انہوں نے وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان کے لئے پہلی نیشنل سیکیورٹی پالیسی بنانے کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں یقین دلایا کہ اس ضمن میں جاپان پاکستان کی سیکیورٹی فورسز استعداد کار بڑھانے کے لئے ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :