ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آنا شروع ،گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر پھر8ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے

جمعہ 7 فروری 2014 07:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے اور گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر ایک بار پھر8ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جمعرات کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 31جنوری 2014ء کوختم ہونے والے مالیاتی ہفتہ کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں2کروڑ35لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 7ارب99کروڑ39لاکھ ڈالر سے بڑھ کر8ارب1کروڑ74لاکھ ڈالر ہو گئے ۔

بینک دولت پاکستان کے مطابق ایک ہفتہ میں اسٹیٹ بینک کے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر 56لاکھ ڈالر بڑھ گئے جس کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کے پاس محفوظ زرمبادلہ ذخائر3ارب17کروڑ66لاکھ ڈالر سے بڑھ کر3ارب18کروڑ22لاکھ ڈالر ہو گئے جبکہ اسی زیر تبصرت مدت میں 1کروڑ79لاکھ ڈالر کے اضافے سے شیدول بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر4ارب81کروڑ73لاکھ ڈالر سے بڑھ کر4ارب83کروڑ52لاکھ ڈالر ہو گئے ۔

(جاری ہے)

کئی ماہ کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں اس سے قبل اسٹیٹ بینک اور شیڈول بینکوں کے پاس محفوظ زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی تھی ۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے اجراء کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستقبل میں مزید مستحکم ہو سکتے ہیں جبکہ ملکی اداروں کی نجکاری اور اتصالات پر واجب ا لاداء رقم کی وصولی اور تھری جی لائسنس کے اجراء کی صورت میں قومی امکا ن ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر10ارب ڈالر سے جلد تجاوز کر جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :