کوئٹہ ،مولانا عبدالواسع کی مسلم لیگی وزراء اور مشیروں کو اپوزیشن بنچوں پر آنے کی پیش کش

جمعہ 7 فروری 2014 07:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر قائدحزب اختلاف مولانا عبدالواسع حکومت میں شامل مسلم لیگی وزراء اور مشیروں کو محکوم اور مظلوم قرار دیتے ہوئے اپوزیشن بنچوں پر آنے کی پیش کش کر دی جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر قائد حزب اختلاف مولانا عبدالوسع نے مسلم لیگی وزراء اورمشیروں کو مظلوم ومحکوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سے مکمل ہمدردی ہے اور جس طرح ہمارے پرانے دوست اور اتحادی بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں اس بھنور سے نکالیں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صوبائی حکومت کے ترجمان نے صوبائی وزیر داخلہ کو امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں مدعو نہ کئے جانے سے متعلق جو عذر پیش کیا وہ انتہائی مضحکہ خیز ہے صوبائی ترجمان نے وضاحت کی کہ سدرن کمانڈ کی جانب سے اجلاس بلایا گیا تھا اور کورہیڈکوارٹر سے ہی ارکان کو مدعو کیا گیا تھا جو ہم سمجھتے ہیں کہ انتہائی مضحکہ خیز ہے جمہوریت پر یقین رکھنے والے منتخب نمائندوں کے پاس اتنا بھی اختیار نہیں تھا کہ وہ اپنے منتخب وزیرداخلہ کا کینٹ میں داخلہ کر اسکیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی وزراء کیساتھ جو رویہ اپنایا جارہا ہے ہم نے اس حوالے سے بہت پہلے ہی اپنے خدشات اور تحفظات سے تمام مسلم لیگی دوستوں کو آگاہ کر دیا تھا اور وقت ہمارے خدشات اور تحفظات کو درست ثابت کر رہا ہے تاہم ہم عوام پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام صوبائی حکومت کا حصہ بننے نہیں جارہی اور نہ ہی موجودہ سیٹ اپ میں کوئی جگہ بنانے کی کوششوں میں ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ موجودہ حکومت 4 دن کی چاندنی ہے انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت میں شامل صرف مسلم لیگی ارکان اسمبلی کیساتھ ہی ناروا سلوک روا نہیں رکھا جارہا بلکہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے بھی ترقیاتی فنڈز روکے جارہے ہیں اور ان کے حلقہ انتخاب کو ترقیاتی عمل میں یکسر نظرانداز کیاجارہا ہے جو ہم سمجھتے ہیں کہ قطعاً جمہوری حکومت اور جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کا شیوہ نہیں ایسے میں مسلم لیگی دوستوں کو جس طرح کی مشکلات درپیش ہیں اور جس طرح انہیں اختیارات نہ ملنے اور نظرانداز کئے جانے کا شکوہ ہے تو ایسے میں ہم انہیں کہتے ہیں کہ وہ بھی آکر ہمارے ساتھ بیٹھیں ۔