کوئی مالی بد عنوانی نہیں کی، مجھ پر الزام ابھی تک ثابت نہیں ہوا ،راجہ پرویز اشرف ،میڈیا ٹرائیل کر کے بندے کا چہرہ بگاڑ دیا جاتا ہے، خوشی ہو گی یہ اسمبلیاں پانچ سالہ مدت پوری کریں ، جمہوریت مضبوط ہو گی تو کوئی آمر یا ڈکٹیٹرنہیں آئے گا، قومی معاملات میں مل کر مقابلہ کرنا چاہیے ،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 7 فروری 2014 07:53

للِہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء )سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ میں رینٹل پاور کیس میں عدا لتوں کا سامنا کر رہا ہوں ، کوئی مالی بد عنوانی نہیں کی، مجھ پر جو الزام لگایا جارہا ہے وہ ابھی تک ثابت نہیں ہوا ،میڈیا ٹرائیل کر کے بندے کا چہرہ بگاڑ دیا جاتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے للِہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سابق وزیر اعظم نے للہ میں مخدوم صفدر علی بخاری کے دربار پر عرس میں حاضری دی اور ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج میں ایک مرد قلندر بابا جی بخاری کے دربار پر حاضری دے کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں رینٹل پاور کیس میں عدا لتوں کا سامنا کر رہا ہوں شہیدذوالفقارعلی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بھی عدالتوں کا سامنا کیا تھا،سابق صدر آصف علی زرداری بھی عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں میں نے کوئی مالی بد عنوانی نہیں کی مجھ پر جو الزام لگایا جارہا ہے وہ ابھی تک ثابت نہیں ہوا میڈیا ٹرائیل کر کے بندے کا چہرہ بگاڑ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری حکومت میں خواجہ آصف کہتے تھے کہ ملک میں بجلی موجود ہے اگر بجلی موجود ہوتی تو موجودہ حکومت لوڈ شیڈنگ نہ کرتی۔ اگرشیخ رشید مجھ پر تنقید کر کے انکا قد بڑھتا ہے تو اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہو گی یہ اسمبلیاں پانچ سالہ مدت پوری کریں تاکہ جمہوریت مضبوط ہو، جمہوریت مضبوط ہو گی تو کوئی آمر یا ڈکٹیٹرنہیں آئے گا، کسی کی کردار کشی بہت بڑا ظلم ہے اپو زیشن کا کام نشاندہی کرنا ہے ایک دوسرے کی تذلیل یا ٹانگیں نہیں کھینچنی چاہئیں۔ قومی معاملات میں مل کر مقابلہ کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :