ٹیک فورس کا قیام تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے،طالبان سے مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لئے بے جا تبصروں سے گریز کرنا ہو گا،رانا ثناء اللہ

منگل 11 فروری 2014 03:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء)صوبائی وزیربلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات انتہائی حساس معاملہ ہے۔ مذاکرات کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ہم مولانا سمیع الحق کی بات پر عمل کرتے ہوئے مذاکراتی عمل پر بے جا تبصروں سے گریز کریں۔ طالبان سے مذاکرات کامیابی کی جانب جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔وہ یہاں احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ سنا ہے طالبان نے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں چور لٹیروں کے احتساب کے حوالے سے ٹیک فورس کے قیام سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہ تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے حوالے سے کسی مخصوص حلقہ یا علاقہ کی نشاندہی نہیں کی جا سکتی تاہم بجلی چوری روکنا واپڈا کا کام ہے۔

وزیرقانون نے کہا کہ بلوچستان میں حالات آہستہ آہستہ درست ہو رہے ہیں اور بلوچ ریپبلک آرمی کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا ہو جانا بڑی خوش آئند بات ہے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ حالیہ اجلاس میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قانون سازی کی جا رہی ہے۔