پشاور ، نواحی علاقے چمکنی میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران خودکش حملے میں 4 خواتین جاں بحق ، دو بچوں اور دو خواتین سمیت پانچ زخمی ، پولیس کا 2 مبینہ حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ ، دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا، خود کش حملہ آور نے دستی بم کا بھی استعمال کیا،اے آئی جی،ہنگو میں مسلح افراد کی فائرنگ‘ 3 اساتذہ جاں بحق‘ علاقے کی ناکہ بندی‘ سرچ آپریشن

منگل 11 فروری 2014 04:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء)پشاور کے نواحی علاقے چمکنی میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران خودکش حملے میں 4 خواتین جاں بحق جبکہ دو بچوں اور دو خواتین سمیت پانچ زخمی ہوگئیں جبکہ پولیس نے 2 مبینہ حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پرچمکنی کے علاقے عیسٰی خان گڑھی میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مارا تو گھر میں موجود افراد کی جانب سے پہلے دستی بم پھینکے گئے، جس پر پولیس نے مزید نفری طلب کرلی، پولیس کی جانب سے کارروائی کا آغاز کیا گیا تو ایک مبینہ خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کی زد میں آکر 4 خواتین جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے جائے وقوعہ سے دو مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے عینی شاہدین کے مطابق چمکنی نے علاقے میں واقع گھر میں ختم اور قرآنی خوانی جارہی تھی کہ ایک روز دار دھماکا ہوا، جس میں چار خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

اے آئی جی شفقت ملک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا، خود کش حملہ آور نے دستی بم کا بھی استعمال کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نجیب اللہ نے کہا کہ علاقے میں مشکوک افراد موجود ہیں، جس کے باعث پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ دھماکے سے مکان کا بیرونی حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جب کہ آپس پاس موجود گھروں اور گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔ادھرہنگو کے علاقے کیچ بانڈا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ‘ تین اساتذہ جاں بحق‘ پولیس کے مطابق ہنگو کے علاقے کیچ بانڈا میں اساتذہ چھٹی کے بعد گھر جارہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین اساتذہ جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزموں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ جاں بحق ہونے والے اساتذہ میں سید خلیل‘ فقیر حسین اور محمد خان شامل ہیں۔