ذکاء اشرف کی عہدے سے برطرفی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگ تھری معاملے پر یوٹرن لے لیا ،وزیراعظم ذکاء اشرف سے بھارت کی بگ تھری میں سپورٹ نہ کرنے پر برہم تھے اور اب بھارت نوازنجم سیٹھی اس ”ذمہ داری“کو پورا کریں گے

منگل 11 فروری 2014 03:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء)چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی عہدے سے برطرفی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگ تھری معاملے پر یوٹرن لے لیا۔ پی سی بی عبوری انتظامی کمیٹی آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں بگ تھری کو ووٹ دے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ذکاء اشرف کو عہدے سے ہٹانے کے بعد پی سی بی عبوری انتظامی کمیٹی نے بگ تھری معاملے پر یوٹرن لے لیا۔

(جاری ہے)

گویا جو کام نواز شریف کو ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد کروانا تھا وہ اب عبوری انتظامی کمیٹی کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی سی بی عبوری انتظامی کمیٹی نے بگ تھری کے ساتھ بغلگیر ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انتظامی کمیٹی اپریل میں ہونیوالیاجلاس میں بگ تھری کے حق میں ووٹ دیگی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عبوری انتظامی کمیٹی بھارت کے ساتہ باہمی سیریز اور دیگر ایشوز پر بات چیت بھی کریگی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم ذکاء اشرف سے بھارت کی بگ تھری میں سپورٹ نہ کرنے پر برہم تھے اور اب بھارت نوازنجم سیٹھی اس ”ذمہ داری“کو پورا کریں گے۔