پاکستان میں غری ملکی سرمایہ کاری سے معیشت کو تقویت اور روزگار کے موقع پیدا ہوں گے‘ نواز شریف،ملکی معیشت کو صحیح پٹڑی پر گامزن کرنے کیلئے حکومت نے میگا پراجیکٹ کو ترجیح دی ہے‘ وزیراعظم کا میگا منصوبوں کے حوالے سے پریزنٹیشن سے خطاب

منگل 11 فروری 2014 03:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے معیشت کو تقویت ملے گی اور اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر پورٹ ‘ ریلویز اور توانائی منصوبوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بڑے منصوبوں کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو صحیح پٹڑی پر گامزن کرنے کیلئے حکومت نے میگا پراجیکٹس کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی منصوبہ جات کے لئے نظام الاوقات مرتب کئے جانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں اور ان کے مطابق انہیں مکمل کرنے کیلئے کہا وزیراعظم نے کہا کہ بندرگاہوں‘ ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو مزید فروغ دے رہا ہے اور تمام شعبوں میں نئے اور جدت کے حامل تصورات کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا ہے جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت دینے کا باعث رہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کارو ں کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں وزیراعظم کو مذکورہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی وزیراعظم کو بتایا گیا کہ متعدد چینی کمپنیوں نے مذکورہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مختلف دیگر کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی بھی ظاہر کی ہے پریزینٹیشن کے موقع پر وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف‘ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز ریف ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی و دیگر اعلیٰ حکومتی حکام موجود تھے۔