افغانستان : امریکی فوجی قافلے پر خود کش حملہ، دو نیٹوو سویلین کنٹریکٹرز ہلاک،2گاڑیاں مکمل تباہ ، غیر ملکی اور افغان فورسز موقع پر پہنچ گئیں ، امدادی کارروائیاں شروع کردیں ، حزب اسلامی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ،افغان وزارت داخلہ کی حملے کی مذمت

منگل 11 فروری 2014 03:53

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء) افغانستان میں پل چرخی کے مقام پر ایک خود کش کا ر بم حملے میں دو نیٹوو سویلین کنٹریکٹرز ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوجی قافلہ پیر کو دوپہر کے وقت کابل میں پل چرخی کے مقام سے گزر رہا تھا کہ اس دوران ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری ٹویوٹا کرولا گاڑی کو فوجی قافلے میں موجود گاڑیوں سے ٹکرا دیا ۔

افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج ایساف نے ایک بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں سویلین کنٹریکٹر تھے۔ کار سوار بمبارنے غیرملکی فوجیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا اور بارودی مواد سے بھری گاڑی ایک گاڑی سے ٹکرا دی جس میں کنٹریکٹر سفر کر رہے تھے۔ ایساف نے مرنے والوں کی قومیت ظاہر نہیں کی۔

(جاری ہے)

بیان میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ حملے میں کوئی فوجی بھی زخمی یا ہلاک ہوا ہے واقعہ کے فوراً بعد غیر ملکی اور افغان فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ۔

کابل پولیس کے ترجمان حشمت ستانیک ضیاء کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضاء جائے وقوعہ پر پڑے ہوئے تھے جبکہ کم ازکم تین گاڑیں تباہ ہوئیں جن میں ایک خودکش حملہ آور کی اور دو دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔دریں اثناء حزب اسلامی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور مزید حملوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔افغان وزارت داخلہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔