ایتھوپیا ائیرلائن کی روم جانیوالی پرواز ہائی جیک ، جنیوا میں زبردستی اتار لیا گیا،ملزم گرفتار ،واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں،ایتھوپیا حکام،پرواز کو اس کے معاون پائلٹ نے ہائی جیک کیا ، جنیوا ائیر پورٹ ترجمان

منگل 18 فروری 2014 07:15

جنیوا،عدیس آبابا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء)ایتھوپیا کی روم جانے والی ایک اےئرلائن کو پیر کے روز ہائی جیک کرکے جنیوا میں زبردستی لینڈنگ پر مجبور کردیا گیا جہاں ہائی جیکر کو گرفتار کرلیا گیا،یہ بات پولیس نے کہی۔پولیس نے بتایا کہ پروازET-702 عدیس آبابا سے روم جارہی تھی،جسے ہائی جیک کرلیا گیا اور صبح6بجے پر پرواز جنیوا میں اتاری گئی اور مزید بتایا کہ مبینہ ہائی جیکر کو حراست میں لے لیاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں اور عدیس آبابا میں ایتھوپین ائرلائنز کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ مسافر محفوظ اور خیریت سے ہیں۔بوئنگ پرواز عدیس آبابا سے علی الصبح 12:30 کو روانہ ہوئی تھی اور اسے اطالوی دارالحکومت میں صبح4:40پر اترنا تھا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایتھوپیا نے پیر کے روز کہا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ایتھوپین ائیرلائنز کی پرواز کو کس نے ہائی جیک کیا،جسے زبردستی جنیوا میں اتارا گیا۔

ایتھوپیا کے وزیراطلاعات ردوان حسین نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہائی جیکنگ کے پیچھے کون ملوث ہے اور ایسا کرنے والا شخص کون ہے،ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنیوا میں ہمارے سفیر ہمارے مسافروں سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیرنے کہا کہ حکام یہ جاننے کی بھی کوشش کر رہے ہیں کہ کس طرح سے ہائی جیکر روم جانے والی پرواز پر عدیس آبابا کے ائیرپورٹ سے سوار ہونے میں کامیاب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ابھی تک اس حوالے سے معلومات نہیں ہیں کہ کس طرح سے وہ شخص طیارے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور کون اس میں ملوث ہے اور حقیقت میں طیارے کا رخ موڑنے کیلئے اس کے پاس کیا تھا۔اس دوران رپورٹ کے مطابق ا یتھوپین ائرلائنز کی روم جانے والی پرواز کو پیر کے روز ہائی جیک کرنے والا شخص معاون پائلٹ تھا،یہ بات جنیوا ائیرپورٹ نے بتائی ہے،جہاں طیارے کو زبردستی اتارا گیا۔ائرپورٹ کے ترجمان برٹ رانڈ سٹمفلی نے صحافیوں کو بتایا کہ معاون پائلٹ کا کہنا ہے کہ اسے اس وقت طیارے کو ہائی جیک کرنے کا موقع ملا جب پائلٹ باتھ روم میں تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس کا کہنا ہے کہ اسے اپنے ملک میں جان کا خطرہ محسوس ہو رہا ہے اور وہ سوئٹزرلینڈ میں پناہ چاہتا ہے۔