اسد حکومت کی حمایت پر جان کیری کی روس پر تنقید،شامی حکومت مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں رکاوٹ رہی ہے۔ اپنے لوگوں پر بیرل بم برسانے کے سوا اور کچھ نہیں کیا، اپنے ملک کو مسلسل تباہ کئے جارہے ہیں،وہ ایسا ایران ،حزب اللہ اور روس کی بھرپور حمایت سے کر رہے ہیں،جکارتہ میں صحافیوں سے گفتگو

منگل 18 فروری 2014 07:15

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیر کے روز روس کو شام کے صدر بشارالاسد کو جنگ زدہ ملک میں اقتدار میں برقرار رہنے میں مدد دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے،یہ بات اختتام ہفتہ پر جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات کے بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد کہی گئی۔کیری نے انڈونیشیاء کے دارالحکومت جکارتہ میں صحافیوں کو بتایا کہ حکومت مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں رکاوٹ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے لوگوں پر بیرل بم برسانے کے سوا اور کچھ نہیں کیا اور اپنے ملک کو مسلسل تباہ کئے جارہے ہیں اور مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہے کہ وہ ایسا ایران ،حزب اللہ اور روس کی بھرپور حمایت سے کر رہے ہیں۔روس کو مسئلے کے حل کا حصہ ہونا چاہئے اور اتنے زیادہ مزید ہتھیار اور امداد فراہم نہیں کرنی چاہئیں،جس کی مدد سے وہ اسد کی طاقت کو دوگنا کر رہے ہیں،جو زبردست مسائل پیدا کر رہے ہیں۔خودساختہ جنیوا ٹو عمل کا آغاز امریکہ ،جو کہ شامی اپوزیشن اتحاد کی حمایت کرتا ہے اور ماسکو جو دمشق میں حکومت کا حامی ہے،نے کرایا تھا۔تاہم مذاکرات کا دوسرا دور ہفتہ کے روز بے نتیجہ ختم ہوا جس سے تین سالہ تنازعہ کے خاتمے کیلئے مذاکرات کا مستقبل شکوک وشبہات کا شکار ہوگیا۔