اوگرا نے ارجنٹ گیس کنکشن فیس 25 ہزار روپے مقرر کردی،کنکشن فیس میں اضافہ سوئی نادرن گیس کمپنی کی درخواست پرکیا گیا،سوئی ناردرن کو ارجنٹ فیس سے 62 کروڑ روپے سالانہ اضافی ریونیو حاصل ہوگا،اوگرا ذرائع

منگل 18 فروری 2014 07:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری ( اوگرا) نے ارجنٹ گیس کنکشن فیس 25 ہزار روپے مقرر کردی ہے ،کنکشن فیس میں اضافہ سوئی نادرن گیس کمپنی کی درخواست پرکیا گیا ہے،سوئی ناردرن کو ارجنٹ فیس سے 62 کروڑ روپے سالانہ اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔اوگرا ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اوگرانے سوئی ناردرن کی درخواست پر ارجنٹ گیس کنکشن میں اضافے کی منظوری د ے دی ہے ، ارجنٹ فیس کی سہولت ایک سال میں صرف 25 ہزار صارفین کو دستیاب ہوگی، ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ فیصلہ گھریلو گیس کنکشن کی طلب میں اضافہ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے ، نئے گیس کنکشن کی نارمل فیس 3 ہزار روپے ہے، اوگرا نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کو سالانہ نئے گیس کنکشن چارجز 2 لاکھ 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ 75 ہزار روپے لگانے کی منظوری دے دی ہے ، ذرائع کے مطابق ارجنٹ گیس کنکشن فیس میں اضافے سے سوئی ناردرن کو 62 کروڑ روپے سالانہ اضافی ریونیو حاصل ہوگا،ارجنٹ گیس کنکشن فیس کا اطلاق پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد پرہوگا، ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ سہولت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر صارفین کو حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

ارجنٹ کنکشن فیس کیلئے لازم ہوگا کہ صارف نے چھ ماہ قبل سوئی نادرن میں درخواست جمع کروارکھی ہو۔ ارجنٹ فیس کی ادائیگی کے بعد سوئی ناردرن تین ماہ میں کنکشن لگانے کی پابند ہوگی۔