جنوبی کوریا،رکن پارلیمنٹ کو بغاوت کے الزام میں 12سال قید کی سزا ،ملزم رہائی کے بعد دس سال کیلئے اپنے شہری حقوق سے محروم ر ہے گا،عدالتی حکم

منگل 18 فروری 2014 07:15

سےؤل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء)جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے پیر کے روز اپوزیشن رکن پارلیمنٹ کو ایک غیر معمولی بغاوت کے مقدمہ میں 12سال قید کی سزا سنا دی ہے،جس میں اس پر شمالی کوریا کی حمایت میں مسلح بغاوت کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔استغاثہ نے 52سالہ لی سوئیک کی کیلئے 20سال قید کا مطالبہ کیا تھا،جس پر اس کی بائیں بازو کی یونائیٹڈ پروگریسیو جماعت کے 6دیگر ارکان کے ہمراہ مقدمہ چلایا گیا تھا۔

لی 1980ء کی دہائی میں فوج کی حمایت سے آمرانہ طرز حکومت سے بھرپور جمہوریت کی طرف منتقلی کے بعد سے قومی اسمبلی کے پہلے رکن تھے جنہیں بغاوت کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے ساتھ ساتھ ان کی قید کی سزا میں عدالت نے حکم دیا ہے کہ لی آخر کار اپنی رہائی کے بعد دس سال کیلئے اپنے شہری حقوق سے محروم رہیں گے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کی جانب سے گرفتاری سے ان کے استثنیٰ کو ختم کرنے کے بعد لی پر گزشتہ سال ستمبر میں قومی سلامتی کے 65سالہ پرانے قانون کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی،جس کے متعلق حقوق انسانی گروپوں نے گزشتہ انتظامیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سیاسی اپوزیشن کو بات کرنے سے دبا رہے ہیں اور انہیں خاموش کرا رہے ہیں۔

یہ الزامات گزشتہ سال مئی میں لی کی اپنے حامیوں سے ملاقاتوں سے متعلق تھے جب شمال کے تیسرے جوہری تجربے کے بعد فوجی کشیدگی عروج پر تھی۔عدالت میں لی کی ٹیپس سنائی گئیں جس میں وہ اپنے گروپ کو بتا رہا ہے کہ جنوبی کوریا کی مواصلاتی لائنوں اور ریلویز پر شمال کے ساتھ بھرپور تنازعہ چھڑنے کی صورت میں حملوں کیلئے تیار رہیں۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ہم نے مدعا علیہ کے خلاف بغاوت کی منصوبہ بندی کرنے اور اس کیلئے مجموعی اقدامات سے متعلق کافی ثبوت دیکھے ہیں۔

لی نے تمام الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کا نشانہ بنے ہیں،جس کا مقصد 2012ء کے انتخابات میں ایجنسی کے اپنے کئی ایجنٹوں کے مداخلت میں ملوث ہونے کے سکینڈل سے عوام کی توجہ ہو ہٹانا ہے۔لی اس سے قبل بھی اپنے سیاسی نظریات کے باعث مشکل میں رہ چکے ہیں۔2002ء میں انہیں حکومت مخالف سرگرمیوں پر اڑھائی سال قید کی سزا سنائی گئی تھی،بعد ازاں اسی سال انہیں صدارتی معافی مل گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :