آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ، گروپ اے میں پاکستان نے پاپوا نیوگنی کو 145رنز سے شکست دیکر اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی، افغان ٹیم نے فیورٹ آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دیدی،بنگلہ دیش نے نمیبیا کو ہرادیا

منگل 18 فروری 2014 07:08

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء) آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے پاپوا نیوگنی کو 145رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی جبکہ دیگر میچز میں افغانستان کی ٹیم نے فیورٹ آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دیدی اور بنگلہ دیش نے نمیبیا کو ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاپوا نیو گنی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کی جو ان کیلئے اچھا ثابت نہ ہوا اور گرین شرٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں8کھلاڑیوں کے نقصان پر 283رنز کا ہدف دیا پاکستان کی جانب سے انعام الحق 88 ، سمیع اسلم 62، اور حسن رضا 44رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کامران غلام 14، امیر حمزہ 11، ظفر گوہر 19،کامران علی اور ضیاالحق نے 12،12رنز بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 283رنز تک پہنچا دیا پاپوا گنی کی جانب سے کی مورا نے 45رنز دیکر 3،ہیکرو ی نے 57رنز دیکر 2جبکہ ناؤ نے 55رنز دیکر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

283رنز کے جواب میں پاپواگنی نے بٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ رنز پر گر گئی جب ہیکوری بغیر کوئی رنز بنائے رن آؤٹ ہوگئے اس کے بعد پاپوا نیو گنی کی ٹیم کا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں پاپوانیو گنی کی جانب سے واحد کھلاڑی ڈیگورا تھے جنہوں نے 51رنز بنائے جبکہ بائیو15اور جوزف 12رنز بنا کر نمایاں رہے پاپوانیوگنی کے 7کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوئے بغیر پویلین لوٹ گئے اور پوری ٹیم 30ویں اوورز میں 138رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی پاکستان کی جانب سے ظفر گوہرنے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35رنز دیکر 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،ضیاء الحق نے 2جبکہ عرفان اللہ شاہ اور محمد آفتاب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

امام الحق کو عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ دیا گیا پاکستان اپنا تیسرا میچ جمعرات کو سکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلے گا ۔ انڈر 19ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے دوسرے میچوں میں افغانستان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 36رنز سے ہرا دیا ۔ فیورٹ آسٹریلیا254 کے ہدف کے تعاقب میں217 پر ڈھیر ہوگئی،ورلڈ کپ انڈر19کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،افغانستان کی پہلی وکٹ صرف2رنز پر گر گئی اور عثمان غنی صرف2رنز بنا کر سٹین لیک کی بال پر کیچ ہوگئے،افغانستان کی ٹیم49.2 اوور میں253 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،محمد مجتبیٰ75 ،احسان اللہ63 اور حشمت اللہ شہیدی57 رنز بناکر نمایاں رہے آسٹریلیا کی جانب سے بازلے اور والنٹے نے3,3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،254 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی افغانی باؤلروں کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم48اوور میں217رنز پر آؤٹ ہوگئی،آسٹریلیا کی جانب سے بازلے54،مورگن47 ،دوران45 اور مورٹیم43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،افغانستان کی جانب سے عبداللہ عادل نے4شراف الدین اشرف نے 3مسلم موسیٰ اور شہیدی نے 1,1وکٹ حاصل کی،اس طرح افغانستان نے آسٹریلیا کو36 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کر دیا،میچ میں بہترین کارکردگی پر محمد مجتبیٰ کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیاگیا۔

دریں اثناء ورلڈ کپ کے ایک اور میچ میں بنگلہ دیش نے نیمیبا کو 52رنز سے شکست دیدی بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 233رنز بنائے صدام اسلام 65جبکہ مصدق حسین 70رنز بنا کرنمایاں بیٹسمین رہے جبکہ نیمبیا کی جانب سے کورٹیز نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ 233رنز کے جواب میں نیمبیا کی ٹیم 49اوورز میں181رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی نیمبیا کی جانب سے پیچرز40ایرسومز 45اور کورٹیز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے بنگلہ دیش کی طرف سے موستفیز الرحمان اور مصدق الحسین نے 3,3جبکہ نیاد الزمان نے 2 اور راحت الفردوس اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا بہترین کارکردگی پر مصدق الحسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔