جیکب آباد ، خوشحال خان خٹک ایکسپریس پر بم دھماکے کے بعد ریلوے ٹریک کو 24گھنٹوں بعد مکمل کرکے ٹرینوں کی آمد ورفت شروع

منگل 18 فروری 2014 07:10

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء)جیکب آباد میں خوشحال خان خٹک ایکسپریس پر بم دھماکے کے بعد تباہ ہونے والے ریلوے ٹریک کو 24گھنٹوں بعد مکمل کرکے ٹرینوں کی آمد ورفت شروع کردی گئی ہے ،ٹریک کی مرمت کے بعد کراچی سے آنے والی خوشحال خٹک کو پشاور کی جانب روانہ کیا گیا ہے جبکہ راجن پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی ٹرین کو بھی منزل کی جانب روانہ کیا گیا ،مرمتی کام کے دوران ہیوی مشنری کے ذریعے تباہ ہونے والی بوگیوں کے ٹکڑے اٹھائے گئے جبکہ بوگیوں کی مرمت کا کام بھی جاری ہے ،دوسری جانب واقعے کے بعد علاقہ میں پولیس نے گشت میں اضافہ کرلیا ہے اور پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر متعدد افراد کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے ،دوسری جانب دھماکے کے بعد کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خٹک ایکسپریس کو 24گھنٹے راجن پور اسٹیشن پر روکنے کے بعد مسافروں کی جانب سے احتجاج کیاگیا جس کے بعد پنجاب حکومت نے مسافروں کو کوچوں کے ذریعے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا ، دھماکے میں جان بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت واجد علی سومرو نودیرو کے طور پر ہوئی جس کے بعد اس کی لاش کو نودیرو بھیج دیا گیا ، اسسٹنٹ کمشنر ٹھل سلیم اللہ اوڈھو کی جانب سے جاری ہینڈ آوٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹھل دھماکے قابل افسوس واقعہ ہے، سماجی کارکنان اور صحافیوں نے مشکل گھڑی میں انتظامیہ کا ساتھ دیکر بہت اچھا کردار ادا کیا ہے، خوفناک حادثہ میں جان بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 4بچوں سمیت 5افراد کو کشمور میں سپرد خاک کیا گیا ،ایک ہی خاندان کے 5افراد کے جنازے اٹھتے وقت علاقہ میں سوگ کی لہر چھائی ہوئی تھی ۔

متعلقہ عنوان :