سوئس باشندوں نے ملک میں کم سے کم اجرت مختص کرنے اور لڑاکا طیاروں کی خریداری کے حکو متی منصوبے کو مسترد کردیا

منگل 20 مئی 2014 07:17

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)سوئس باشندوں نے بھاری اکثریت سے ملک میں کم سے کم اجرت مختص کرنے کی تجویز اور حکومت کی طرف سے 22 لڑاکا طیاروں کی خرید کے منصوبے کو رد کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس بارے میں ہونے والے ریفرنڈم میں کم سے کم اجرت قریب 18 یورو طے کرنے کی مخالفت 76.3 فیصد نے کی۔ سوئٹزرلینڈ کی لیبر یونین نے کم سے کم اجرت قریب 18 یورو طے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

دنیا کے کسی دوسرے ملک میں کم سے کم اجرت اتنی زیادہ نہیں ہے۔ ساتھ ہی سوئس حکومت کے سویڈن سے 22 جنگی طیارں کی خریداری کے کئی بلین ڈالر کے منصوبے کو بھی 53.4 فیصد باشندوں نے مسترد کر دیا ہے۔ سوئس حکومت ان طیاروں کو خرید کر اپنی فضائیہ کو مضبوط اور جدید تر کرنا چاہتی تھی۔ اس ریفرنڈم میں سوئس باشندوں کی اکثریت نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے مجرموں پر بچوں کے ساتھ کام کرنے کی پابندی اور تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق آئینی یقین دہانی کے حق میں رائے دی۔