موٹرسائیکل سوار کا چالان کرنے کی کوشش پر ہیڈکانسٹیبل اسپتال جاپہنچا

منگل 20 مئی 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء ) اسلام آباد میں ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سوار کاچالان کرنے کی کوشش کی تووکلا اس پرحملہ آورہوگئے۔ زخمی اہلکارکواسپتال پہنچادیاگیاجبکہ پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آردرج کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ٹریفک پولیس کے اہلکار نے بغیر کاغذات موٹر سائیکل چلانے پر انعام کھوکر نامی شہری کو روکا تو اس نے اپنے چچا ظفر کھوکر ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا کو بلا کر ہلہ بول دیا۔

ہیڈ کانسٹیبل عابد حسین کا کہنا ہے کہ میں موٹرسائیکل تھانے لے جارہا تھا کہ 15، 20وکلا نے مجھ پر حملہ کیا اور اس وقت تک مارتے رہے جب تک میں بے ہوش نہ ہو گیا، موٹر سائیکل بغیر کاغذات کے تھی، میں ڈیوٹی پر تھا اور میں نے اسے روکنا تھا۔

(جاری ہے)

وکلا کی بھی سن لیجئیے وہ کہتے ہیں نہتے تھے کیا کسی کوماریں گے۔ ہاں پولیس والوں نے انہیں ضرور مارا ہے۔ ایسے میں الٹاچورکوتوال کوڈانٹے والا محاورہ بھی سمجھ آ گیا، لیکن ٹھہریے،غورسے سنیئے۔

ان کے بیانات بھی ایک دوسرے سے نہیں مل رہے۔ موٹر سائیکل سوار انعام کھوکھر کا کہناہے کہ میرے پاس کاغذات نہیں تھے، چچا کو فون کیا، وہ فیض آباد تھے، کاغذات لے کر آگئے۔ چوہدری نعیم گجر وکیل کا کہنا ہے کہ انعام نے کاغذات کے لیے اپنے چچا کو فون کیا جو اس وقت عدالت میں تھے، وہ کاغذات لائے مگر وارڈن نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہی پر حملہ کر دیا۔ اسلام آبادکے تھانہ آب پارہ میں انعام کھوکھر اور ظفر کھوکھر کے خلاف مختلف 6دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ہیڈ کانسٹیبل عابد حسین پولی کلینک اسپتال میں زیر علاج ہے۔