عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،مانسہرہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے،سردار محمد یوسف،صوبائی حکومت معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر مجرموں کو کڑی سزا دلوائے، آئندہ کیلئے انہیں نشان عبرت بنایا جائے ۔ معاشرے میں خواتین کو باوقار مقام دلانے کیلئے مختلف پروگرام شروع کررہے ہیں، مانسہرہ میں متاثرہ بچی کے والدین اور لواحقین سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 20 مئی 2014 07:08

اسلام آباد، مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مانسہرہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے‘ صوبائی حکومت معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر مجرموں کو کڑی سزا دلوائے اور آئندہ کیلئے انہیں نشان عبرت بنایا جائے ۔

معاشرے میں خواتین کو باوقار مقام دلانے کیلئے مختلف پروگرام شروع کررہے ہیں‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ میں متاثرہ بچی کے والدین اور لواحقین سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ زیادتی کا واقعہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ انتہائی قبیح حرکت ہے جبکہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے اور ہمارے معاشرے میں خواتین کو مقدس مقام دیا گیا ہے انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا دے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی حرکت کا سوچ بھی نہ سکے اور ان ملزمان کو نشان عبرت بنایا جائے اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہمدردیاں اور دروازے ہر وقت عوام کیلئے کھلے ہیں اور وہ اس سلسلے میں بھی جس حد تک ممکن ہوا اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مذہبی امور کا مذید کہنا تھا کہ معاشرے میں خواتین کو باوقار مقام دلانے کیلئے مختلف پروگرام شروع کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں تمام افراد کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اس موقع پر انہوں نے واقعہ کے بعد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں پولیس نے مثبت کردار ادا کیا ہے وہ بھی تعریف کے قابل ہے۔