پی سی بی کے زیر اہتمام جاری سمر تربیتی کیمپ میں کرکٹرز کے ان فٹ ہونے کا سلسلہ جاری ،تر بیت کے دوران فاسٹ بولر عمر گل کے بعد وکٹ کیپر عدنان اکمل ،اوپنر توفیق عمر کے بعد عمر اکمل بھی ان فٹ ہو گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی کمر کی پرانی تکلیف پھرشروع ہو گئی،کمانڈنٹ محمد اکرم کے ایما پر کھلاڑیوں کو فزیکلی فٹ رکھنے اور ورزش میں دیے گئے اہداف مکمل نہ کر نے پر جرمانوں کا سلسلہ بھی جاری،یونس خان ،رضا حسن اور مصباح الحق کے علاوہ تمام ہی کھلاڑیوں کو مختلف نوعیت کے جرمانے ہو چکے ہیں،بارش کے بعد تیز دھوپ اور شدید گرمی میں سخت ٹریننگ نے کئی اور کھلاڑیوں کے کس بل بھی نکال دیے ہیں اور انجرڈ کھلاڑیوں کی فہرست بھی طویل ہو تی جا رہی ہے

منگل 20 مئی 2014 07:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام لاہور میں جاری سمر تربیتی کیمپ میں قومی کرکٹرز کے ان فٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ایسے وقت میں جب پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین اگست میں ہونے والی سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوا ہے ، کیمپ میں تر بیت کے دوران فاسٹ بولر عمر گل کے بعد وکٹ کیپر عدنان اکمل ،اوپنر توفیق عمر کے بعد عمر اکمل بھی ان فٹ ہو گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی کمر کی پرانی تکلیف پھرشروع ہو گئی۔

اس سلسلے میں ذرائع کے مطابق کیمپ کمانڈنٹ محمد اکرم کے ایما پر کھلاڑیوں کو فزیکلی فٹ رکھنے اور ورزش میں دیے گئے اہداف مکمل نہ کر نے پر جرمانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کیمپ میں یونس خان ،رضا حسن اور مصباح الحق کے علاوہ تمام ہی کھلاڑیوں کو مختلف نوعیت کے جرمانے ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد تیز دھوپ اور شدید گرمی میں سخت ٹریننگ نے کئی اور کھلاڑیوں کے کس بل بھی نکال دیے ہیں اور انجرڈ کھلاڑیوں کی فہرست بھی طویل ہو تی جا رہی ہے۔

وکٹ کیپر عدنان اکمل اور توفیق عمر ٹریننگ کی تاب نہ لاکر تھکاوٹ کے باعث ان فٹ ہوئے جس پر ڈاکٹر نے ان کو ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی کمر کی پرانی تکلیف کا بھی شکار ہو گئے جس پر انہوں نے سخت ٹریننگ سے معذ رت کر لی۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز اب ایک ماہ طویل کیمپ میں اکتاہٹ کا شکار اور آئے روز نت نئی ورزشوں اور فزیکل ٹریننگ کے طریقوں سے بھی عاجز آچکے ہیں اور اب وہ کیمپ کے جلد ختم ہونے کے انتظار میں ہیں۔

عمر اکمل ہیمسٹرینگ انجری کا شکار ہو گئے ہیں ڈاکٹرز نے انہیں چار ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اتوار کو ایک روز کے آرام کے بعد پیر کو دوبارہ پر یلٹس شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد سخت گرم موسم میں سمر ٹریننگ کیمپ کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔ انہوں نے چند روز قبل انٹرویو میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ اتنی مشکل تربیت سے کھلاڑی ان فٹ ہوسکتے ہیں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سر پر ہے اس سے قبل اتنا طویل کیمپ فائدہ دینے کے بجائے نقصان کا سبب بن سکتا ہے، اگر سیریز سے قبل اہم کھلاڑی انجری کا شکار ہوگئے تو سلیکشن کمیٹی کو دورہ کے لیے ٹیم منتخب کرنے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس لیول پر کرکٹرز کو اپنی فٹنس کے بارے میں اچھی طرح علم ہوتا ہے ، وہ خود جانتے ہیں کہ انہیں کس طرح خود کو فٹ رکھنا ہے۔