فلسطین نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں3-0 سے زیر کر کے النکبہ فٹبال ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا،اسرائیل کی طرف سے بحرین سے تعلق رکھنے والے قومی کوچ محمد شاملان کو فلسطین میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے کوچنگ کے فرائض فون کے ذریعے انجام دینا پڑے،فائنل 24مئی کو فلسطین اور اردن کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی

منگل 20 مئی 2014 07:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء) فلسطین نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں3-0 سے زیر کر کے النکبہ فٹبال ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔اسرائیل کی طرف سے بحرین سے تعلق رکھنے والے قومی کوچ محمد شاملان کو فلسطین میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے کوچنگ کے فرائض فون کے ذریعے انجام دینا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق فلسطین میں جاری النکبہ فٹبال ٹورنامنٹ میں میزبان فلسطین اور اردن کی ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ 24 مئی کو شیڈول ہے، ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر ایونٹ میں اچھا آغاز کیا تھا تاہم بعد ازاں اسے مسلسل 2 ناکامیوں کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

ہفتے کی شب منعقدہ میچ میں فلسطین نے پاکستانی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے ہرا کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔کھیل کے آغازمیں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم کھیل کے 18ویں منٹ میں فلسطین کی ٹیم پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ بعد ازاں پاکستانی ٹیم کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن پاکستانی فاروڈز اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

پہلے ہاف تک اسکور 1-0 تھا۔ دوسرے ہاف میں فلسطین نے مزید دو گول کر کے کامیابی اپنے نام کی۔پاکستان فٹبال ٹیم کی ٹورنامنٹ میں ناکامی کی بہت ساری وجوہات میں بڑی وجہ غیر ملکی کوچ محمد شاملان کو فلسطین میں داخلے کی اجازت نہ دینا تھا۔ ابتدائی دو میچوں کی طرح تیسرے میچ میں بھی شاملان کو کوچنگ کے فرائض فون پر دینا پڑے۔ النکبہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم 21 مئی کو وطن واپس لوٹے گی۔