اگر سیاسی رہنماؤں نے عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کا احترام نہ کیا تو ملک سے نہ تو جمہوریت ختم ہو گی اور نہ ہی مارشل لاء آئیگا،لوگ گھروں سے ڈنڈے لے کر باہر نکل آئینگے اور جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیئے ہیں ان کو چھوڑ یں گے نہیں ہم نے بھی اگر کچھ ڈلیور نہ کیا تو لوگ ہمارا بھی گریبان پکڑیں گے، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

منگل 20 مئی 2014 07:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)اگر سیاسی رہنماؤں نے عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کا احترام نہ کیا تو ملک سے نہ تو جمہوریت ختم ہو گی اور نہ ہی مارشل لاء آئیگا۔ لوگ گھروں سے ڈنڈے لے کر باہر نکل آئینگے اور جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیئے ہیں ان کو چھوڑ یں گے نہیں ہم نے بھی اگر کچھ ڈلیور نہ کیا تو لوگ ہمارا بھی گریبان پکڑیں گے۔ ماضی کے بڑی بڑی جماعتوں اور شخصیات کا جس طرح پتہ صاف ہوا ہے آئندہ الیکشنوں میں لوگ بھولیں گے نہیں اگر اپوزیشن کام نہیں کر رہی ہے تو ہم نے تو کام کرنا ہے۔

ہمیں کام کرنے دیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کے ای ٹی شیڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے اختتام کے موقع پر ریلوے ملازمین سے اپنے خطاب میں کہا کہ ای ٹی شیڈ نئے لوکو موٹوز کیلئے خصوصاً بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے نئے لوکو موٹوز بڑی حساس طبیعت کے مالک ہیں۔

اس شیڈ اور لوکو موٹوز کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ریلوے میں نجکاری نہ کی جائے اور اس ادارے کو کسی سیٹھ کے حوالے نہ کیا جائے تو ریلوے کی املاک کی اس طرح حفاظت کریں جسطرح آپ اپنی قیمتی اشیاء یا اکلوتی گاڑی کی کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرتے ہوئے کہا کہ شیڈ میں سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور روشنی کا معقول انتظام کیا جائے انہوں نے کہا کہ وہ خصوصاً شیڈ پر چھاپہ ماریں گے اگر لائٹ یا حفاظتی انتظامات میں کمی دیکھی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے ملازمین کے واجبات کے سلسلے میں 63 کروڑ روپے کی رقم ادا کر دی گئی ہے۔ ریلوے کمائی کرے گی تو ادائیگی بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاملات میں یا بھرتیوں کے سلسلہ میں کسی قسم کی سیاست مداخلت قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ملازمین کو بھرتی کرنے کا عمل این ٹی ایس کے حوالے کیا گیا ہے۔ جو شفافیت کا ایک بین الاقوامی معیار اور نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 550 بچوں کا سال کا کنٹریکٹ کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔ ریلوے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی میں منگوائے گئے لوکو موٹوز کی بربادی میں پاکستانیوں کا بھی ہاتھ ہے۔ قومی اثاثے کا جس طرح بیڑا غرق کیا گیا ہے۔ اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اس شیڈ کو ایک ماہ میں ماڈل شیڈ بنائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اپنے بچوں کا روشن مستقبل چاہتے ہیں ان کے لئے اچھے سکول ان کے کوارٹرز کو گرا کر اچھے اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں تو اس میں ان کا ساتھ دیں اور بھرپور جذبہ کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ 75 لوکو موٹوز اگلے سال منگوائے جائینگے۔ اور جلد ہی پاکستان ریلویز اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے قابل بن جائیگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے کارڈ کا کوئی ایشو ہی نہیں ہے۔ اور یہ وزارت داخلہ کا معاملہ ہے جو حل ہو چکا ہے۔