ایران ، طلاق کی تقاریب شادی کی طرز پر منانے کا رواج عروج پر

بدھ 21 مئی 2014 07:26

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء ) ایران کے عوام نے طلاق کے موقعے پر عالیشان تقاریب منقعد کرنا شروع کر دی ہیں، جن میں کالے رنگ کے پھول خریدے جاتے ہیں اور ساتھ ہی کیک بھی کاٹا جاتا ہے۔شادی کے کارڈ چھاپنے والی ایک دکان کے مالک نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے بتایا طلاق کے موقع پر پہلے لوگ گل فروشوں کے پاس جاتے ہیں اور پھر ہمارے پاس طلاق کی تقریب کے دعوت نامے چھپوانے آتے ہیں۔

‘ایک دعوت نامے میں ایک شخص نے لکھوایا: ’میں تمھیں بالکل یاد نہیں کرتا، اور میں قسم کھاتا ہوں کہ مجھے دوبارہ محبت نہیں ہوگی اور اگر ہوئی بھی تو تم سے نہیں ہوگی۔‘ایک اور دکان دار نے بتایا کہ گذشتہ کچھ عرصہ میں طلاق کے کارڈ چھپوانے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔تہران میں حکومتی حکام نے ملک میں طلاق کی تقاریب کے بڑھتے ہوئے رواج پر تشویش کا اِظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کے قدامت پسند مذہبی رہنما آیت اللہ مکرم شیرازی نے بھی اس رواج کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ ایران میں گذشتہ سال طلاق کی شرح میں 4.6 فیصد اضافہ ہوا تھا، جبکہ شادی کرنے کی شرح میں 4.4 فیصدکمی آئی تھی۔ اس کے علاوہ ملک میں 20 فیصد شادیوں کا اختتام اب طلاق پر ہوتا ہے۔ایران میں حالیہ عرصہ میں ملک کی قیادت اور عوام کی سوچ میں بڑھتا ہوا تضاد سامنے آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :