(ن) لیگ جب بھی دو تہائی اکثریت حاصل کرتی ہے تو ملک میں ایک نیا بحران جنم لیتا ہے، شیخ رشید،حکمران ہوش کے ناخن لیں انکی غلطیوں کے باعث ملک میں جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب

بدھ 21 مئی 2014 07:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں انکی غلطیوں کے باعث ملک میں جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں،(ن) لیگ جب بھی دو تہائی اکثریت حاصل کرتی ہے تو ملک میں ایک نیا بحران جنم لیتا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت میں کابینہ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

حکومت ماضی کی غلطیاں دوبارہ دہرا رہی ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے،جنکاری کمیشن،سٹیٹ بینک سمیت کسی بھی اہم قومی ادارے کی تعیناتی میرٹ پر نہیں کی گئی حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنی ٹیم میں اچھے افراد لائیں تاکہ جمہوریت کو لاحق خطرات ختم کئے جا سکیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ہر سیاست دان آمریت کے گھونسلے سے برآمد ہوا ہے اگر وہ اعتراف کر لیں گے تو میں معافی مانگ لوں گا۔

ملکی جمہوریت کا یہ حال ہے کہ کسی نے اچکن کے اوپر سے وردی پہن رکھی ہے اور کسی نے نیچے سے وردی پہن رکھی ہے۔سیاسی جماعتوں کو بھی آمرانہ انداز میں چلایا جا رہا ہے جبکہفرد واحد ہی ملک کے فیصلے کر رہا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر چار حلقوں میں سے کسی ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہو گئی تو پھر حکومت کے خلاف عوام کو نہیں سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔