عمران خان اسٹیبلشمنٹ خان اور غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار بن گئے، رانا ثناء اللہ ، پاکستان کے تمام ادارے جمہوریت اور آئین پر یقین رکھتے ہیں ، شیدا ٹلی نے ہمیشہ آمریت کی نوکری کی اب پھر نوکری کی تلاش میں نعرے مارتا پھر رہا ہے ،میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 مئی 2014 07:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ خان اور غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار بن گئے ہیں ، سونامی خان جس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے ، پاکستان کے تمام ادارے جمہوریت اور آئین پر یقین رکھتے ہیں ، شیدا ٹلی نے ہمیشہ آمریت کی نوکری کی اب پھر نوکری کی تلاش میں نعرے مارتا پھر رہا ہے لیکن دربدر خوار ہوگا دوبارہ نوکری نہیں ملے گی ۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد کے بعد فیصل آباد میں تماشا لگانا چاہتی ہے اسلام آباد کی طرح فیصل آباد میں بھی ان کا شو فلاپ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جس ایجنڈے پر کام کررہی ہے وہ کامیاب نہیں ہوگی عمران خان اسٹیبلشمنٹ خان اور غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار بن گئے ہیں موقع پر سب سیاستدانوں نے ہمیشہ جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکائے ان کا کوئی اصول نہیں صرف ملک کو غیر مستحکم کرنے پر لگی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ادارے آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور ملک میں جمہوریت مضبوط ہورہی ہے سیاسی اور گروہی سیاست کیلئے مذہب کی آڑ نہیں لینی چاہیے کچھ میڈیا ہاؤسز اشتعال کو مزید بڑھا رہے ہیں آپس اور مسابقت کی لڑائی ختم کرنا چاہیے حکومت صدق دل سے میڈیا کے اندر تنازعات کو حل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شیدا ٹلی نے ہمیشہ آمریت کی نوکری کی اور اب ایک بار پھر نوکری کی تلاش میں پاگلوں کی طرح نعرے مارتے پھر رہے ہیں لیکن اب شیدا ٹلی کو دوبارہ نوکری نہیں ملے گی لاہور میں ایک شیدا ٹلی نے نوکری کی درخواست کی ہے لیکن اب یہ دربدر خوار ہوگا ملک میں اب جمہوریت مضبوط ہے اور جمہوریت سے ملک ترقی کرے گا ۔