امریکہ نے خفیہ ادارے سی آئی اے پر جاسوسی کیلئے جعلی ویکسی نیشن مہم چلانے پر پابندی لگا دی ،سی آئی اے ویکسی نیشن پروگرامز کا سہارا نہ لے، ایجنسی کو ڈی این اے اور دیگر جینیاتی معلومات کے غیرضروری استعمال سے بھی روک دیا ہے،مشیر امریکی صدر

بدھ 21 مئی 2014 07:23

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)امریکی وائٹ ہاوٴس نے کہا ہے کہ جاسوسی آپریشنز کے لیے سی آئی اے آئندہ کوئی بھی جعلی ویکسی نیشن مہم نہیں چلائے گی، صدر اوباما کی مشیر برائے انسداد دہشت گردی لیزا موناکو کے مطابق سی آئی اے کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ویکسی نیشن پروگرامز کا سہارا نہ لے، اسی طرح ایجنسی کو ڈی این اے اور دیگر جینیاتی معلومات کے غیرضروری استعمال سے بھی روک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی آئی اے سربراہ جان برینن نے یہ احکامات گزشتہ سال جاری کیے تھے۔ سی آئی اے نے پاکستان میں اسامہ بن لادن کی تلاش کے لیے انسداد پولیو کی جعلی مہم چلائی تھی۔اس انکشاف کے منظر عام پر آنے کے بعد سے پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملے شروع ہوئے تھے ،، جن میں اب تک 56 افراد مارے جاچکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم کی ناکامی کے بعد ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جس پر عالمی ادارہ صحت نے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی تھی، کیونکہ اس طرح دنیا بھر میں پولیو دوبارہ پھیلنے کے خدشات تھے۔

متعلقہ عنوان :