انٹارکٹیکا میں برف پگھلنے کی رفتار دوگنی ہو گئی، 160 ارب ٹن برف سالانہ پگھل کر سمندر میں بہہ رہی ہے،تازہ تحقیق

بدھ 21 مئی 2014 07:28

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)ایک تازہ سائنسی تجزیے میں کہا گیا ہے کہ انٹارکٹیکا میں 160 ارب ٹن برف سالانہ پگھل کر سمندر میں بہہ رہی ہے۔یورپ کے کرایوسیٹ سپیس کرافٹ نے انٹارکٹیکا کا تازہ مشاہدہ کیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ جب انٹارکٹیکا کا آخری بار مشاہدہ کیا گیا تھا، اس کے بعد سے برف پگھلنے کی رفتار دگنی ہو گئی ہے۔تجزیے کے مطابق انٹارکٹیکا سیبرف پگھلنے کی رفتار سے سمندر کی سطح 0.43 ملی میٹر بلند ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ تازہ تجزیہ جیو فزیکل ریسرچ لیٹرز نامی سائنسی جرنل میں شائع ہوا ہے۔اس تجزیے میں 2010 سے 2013 تک کی پیمائشیں اور 2005 سے 2010 تک کی مختلف سیٹیلائٹس سے لی جانے والی معلومات شامل کی گئی ہیں۔کرایوسیٹ نے انٹارکٹیکا میں برف کی چادر کی اونچائی میں تبدیلی معلوم کرنے کے لیے آلٹی میٹر یعنی بلندی ناپنے کے آلے کا استعمال کیا۔تجزیے کے مطابق مغربی انٹارکٹیکا میں سالانہ 134 ارب ٹن، مشرقی انٹارکٹیکا میں تین ارب ٹن اور جزیرہ نما انٹارکٹیکا میں 23 ارب ٹن برف میں کمی واقع ہو رہی ہے۔