بین الصوبائی ہاکی، بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس چیمپئن شپز شروع، پہلے روز دلچسپ مقابلے ہوئے،چیمپئن شپز کا آغاز نیشنل ہاکی سٹیڈیم اور پنجاب جمنیزیم ہال میں ہوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کی شرکت

بدھ 21 مئی 2014 07:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)بین الصوبائی ہاکی، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن چیمپئن شپز منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹڈیم اور پنجاب جمنیزیم ہال میں شروع ہوگئیں،صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے ایونٹس کا افتتاح کیا۔بوائز انڈر 14ہاکی چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں سندھ نے فاٹا کو 3-1سے ہرا دیا، قیس نے دو اور راؤ شاہد نے ایک گول کیا، فاٹا کی طرف سے واحد گول شاہ زیب نے کیا،بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے پنجاب جمنیزیم ہال میں ہوئے، انڈر 16گرلز بیڈ منٹن چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں آزاد جموں و کشمیر نے فاٹا کو 2-0سے شکست دیدی، جویریہ نے پہلے سنگل میچ میں کائنات کو ہرایا جبکہ ڈبل میں جویریہ اور کرن نے کائنات اور شبنم کو شکست دی، بیڈ منٹن چیمپئن شپ کے دوسرے میچ میں اسلام آباد نے سندھ کو 2-1سے شکست دی، پہلے سنگل میچ میں اسلام آباد کی مقدس نے سندھ کو کرشنا کو ہرایا، ڈبل کے مقابلے میں سندھ نے اسلام آباد کو شکست دیدی، سندھ کی کھلاڑی کرشنا اور شیریں نے اسلام آباد کی مقدس اور ارم کو ہرایا، دوسرے سنگل میچ میں اسلام آباد کی حبیبہ نے سندھ کی شیریں کو مات دے دی۔

(جاری ہے)

بوائز انڈر 14بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں سندھ نے آزاد کشمیر کو 2-0سے شکست دیدی، سندھ کے دانیال نے ناقابل شکست رہتے ہوئے آزاد کشمیر کے معیز کو ہرایا،سندھ نے ڈبل کا مقابلہ بھی جیت لیا، دانیال اور احمد نے آزاد کشمیر کے معیز اور حبیب کو ہرایا۔پنجاب ،سندھ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا نے انڈر 16گرلز ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیاہے، پہلے میچ میں پنجاب نے اسلام آباد کو 3-0سے ہرادیا، پنجاب کی ماریہ ،فاطمہ خان اور رمشا نے اسلام آباد کی ارم ، ام حبیبہ اور کائنات کو شکست دی،خیبر پختونخوا کی کائنات، حاجرہ اور آمنہ نے فاٹا کی ثانیہ بی بی ، افشاں اور حمیرا کو شکست دی، سندھ کی حلیمہ، حریم اور مہک نے اسلام آباد کی ارم، ام حبیبہ اور کائنات کو شکست دی، چوتھے مقابلے میں آزاد کشمیر کی مدیحہ، تانیہ اور صبا نے فاٹا کی ثانیہ بی بی، افشاں اور حمیرا کو مات دیدی، پانچویں مقابلے میں پنجاب کی ماریہ نے سندھ کی حلیمہ اور مہک نے ہرایا، فاطمہ نے مہک کو مات دی، سندھ کی حریم نے پنجاب کی ایم فروا کو شکست دی۔