روس کی شام کا معاملہ آئی سی سی کو بھیجنے پر ویٹو کی دھمکی، سلامتی کونسل میں شام کیخلاف قرارداد کو ویٹو کردیا جائے گا، وزیرخارجہ

بدھ 21 مئی 2014 07:23

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء) روس نے شام میں جاری خانہ جنگی کا معاملہ ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی ) کو بھیجنے کی مخالفت کردی ہے اور اس سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مجوزہ قرارداد کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیرخارجہ گیناڈی گیٹلوف نے یہ اعلان فرانس کی جانب سے سلامتی کونسل میں مجوزہ قرارداد کا مسودہ پیش کیے جانے کے بعد کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس مجوزہ قرارداد میں شام میں گذشتہ تین سال سے جاری خانہ جنگی کے ذمے داروں کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت مخالف جرائم کے الزامات میں آئی سی سی میں مقدمہ چلانے پر زوردیا گیا ہے۔روس پہلے بھی شام کا معاملہ آئی سی سی کو بھیجنے کی مخالفت کرچکا ہے اور اب نائب وزیرخارجہ گیٹلوف نے دوٹوک الفاظ میں اس سے متعلق قرارداد کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق انھوں نے کہا کہ ''اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے اور ہم اس کی حمایت نہیں کریں گے۔اگر اس پر رائے شماری کا وقت آیا تو ہم اس کو ویٹو کردیں گے''۔