گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سزائے موت کے 3قیدیوں کو پھانسی،گوجرانوالہ میں دو مجرموں اعجاز اور عبدالجبار کو فیصل آباد میں ظفر اقبال کو پھانسی دی گئی، سینٹرل جیل فیصل آباد میں 2 قیدیوں کی پھانسی موخر ، ملتا ن میں قیدی کے ڈیتھ وارنٹ جا ری

جمعہ 17 اپریل 2015 03:51

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اپریل۔2015ء)گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سزائے موت کے 3قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں دو مجرموں اعجاز اور عبدالجبار کو جمعرات کی صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب پھانسی دی گئی، مجرم اعجاز نے 1995میں جبکہ مجرم عبدالجبار نے 2001میں ایک شخص کو قتل کیا تھا، دونوں مجرموں کی رحم کی اپیلیں صدر نے مسترد کردی تھیں۔

ادھر فیصل آباد سینٹرل جیل میں بھی سزائے موت کے ایک قیدی ظفر اقبال کو پھانسی دے دی گئی ہے، ظفراقبال نے2005میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر خاتون کو قتل کردیا تھا، جبکہ سینٹرل جیل فیصل آباد کے ذرائع کے مطابق میں سزائے موت کے2 قیدیوں کی پھانسی موخر کر دی گئی ہے، نظام دین اور محمد حسین کے ورثا نے جیل حکام کو صلح نامہ پیش کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرملتانمیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کے قیدی کے ڈیٹھ وارنٹ جاری کر دیئے ملزم کو 22 اپریل کو ساہیوال کی جیل میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔

ملزم زاہد حسین نے 2001 میں ساہیوال کے قریب پولیس ناکے پر فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو قتل کر دیا تھا جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم کو موت کی سزا سنائی تھی اعلیٰ عدالتوں اور رحم کی تمام اپیلیں مسترد ہونے پر ملتان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجرم کے ڈیٹھ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔ مجرم کو 22 اپریل کو ساہیوال کی جیل میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 60 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا یا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :