محکمہ صحت پنجاب اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان ڈاکٹرز کے تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے پاگئے

جمعہ 17 اپریل 2015 03:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اپریل۔2015ء) محکمہ صحت پنجاب اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان ڈاکٹروں کی پروموشن ، پی جی ٹرینی کی جاب پیڈ کرنے، اگلے گریڈوں میں پروموشن کے روڈ میپ سمیت سروس سڑکچر کے معاملات بارے شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم اقدامات کے حوالے سے تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے پاگئے ہیں۔ اس بات کا اعلان مشیر وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ YDAکے عہدیداروں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

اس موقعہ پر پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز اور ینگ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پائے جانے کا کریڈٹ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور چیف سیکرٹری کو جاتا ہے جنہوں نے مسائل حل کرنے کے لئے گائیڈ لائنز اور فنڈز فراہم کئے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے10202نئی پوسٹوں کی منظوری دی اور پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹروں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے800نئی آسامیاں پیدا کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے گریڈ 17سے20تک ڈاکٹروں کی پروموشن کے لیے ٹائم لائن کے ساتھ ایک فریم ورک بنا دیا ہے اور اب آئندہ 10-15سال تک ڈاکٹروں کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے کہا کہ گریڈ 17سے 18میں ترقی کے منتظر ڈاکٹروں کے کیس مئی کے مہینہ میں نمٹا دئیے جائیں گے جس کے لئے DPCکی تاریخیں دے دی گئی ہیں۔

اسی طرح گریڈ19سے20میں ترقی کے لیے جون تک کی تاریخ دی گئی ہے۔ جواد رفیق ملک کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ترقی کے لیے سالانہ (ACR) رپورٹ لکھوانے کے لیے اگر ضرورت پڑی تو تمام رپورٹنگ افسران کو دو دن کے لیے لاہور بلوا کر ACRsلکھوائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ڈاکٹرز کمیونٹی کے لیے تاریخی پے پیکج متعارف کرانے کے علاوہ کئی ایک فلاحی اقدامات کئے ہیں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں پر تعینات ہونے والے سپشلسٹ کو تنخواہ کے علاوہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ جبکہ DHQہسپتالوں میں ایک لاکھ روپے اضافی الاؤنس ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مراکز صحت کو 100فیصد فنکشنل کرنے کے لیے 63سال تک کی عمر کے ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ یا ایڈہاک پر بھرتی کرنے کی تجویز بھی حکومت کے زیر غور ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ معاملات طے کرنے میں YDAکی موجود قیادت نے بھی بہت مثبت کردار ادا کیا اور غیر حقیقی مطالبات منوانے پر اصرار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور پوری حکومت کی یہ خواہش ہے کہ ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود اور سروس سٹرکچر کے لیے اقدامات کو جلد سے جلد نمٹایا جائے تاکہ صوبے کے غریب عوام کے علاج معالجہ میں کوئی رکاوٹ پید انہ ہو۔

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام اقدامات کا مقصد حکومت اور ڈاکٹرز کمیونٹی کے سامنے صرف اور صرف مریضوں کی فلاح اور انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے YDAکے ساتھ محکمہ صحت کے معاملات طے پانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر YDAکے ترجمان ڈاکٹر عامر بندیشہ نے کہا کہ آج سے 4سال پہلے اور آج کے حالات میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے اور YDAمیں واضحMaturityنظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے احتجاج ہمارا حق ہے تاہم کوشش ہوتی ہے کہ ہسپتالوں کی ورکنگ متاثر نہ ہو۔ ڈاکٹر عامر بندیشہ نے کہا کہ YDAکے احتجاج کے دوران لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات کے لیے وہ ذاتی طور پر YDAکی طرف سے معذرت خواہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :