کراچی،ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی گھوسٹ ملازم نکلے، حماد صدیقی کے ساتھ رابطہ کمیٹی کے سابق رکن وسیم آفتاب اور شاہد لطیف غیرحاضری کے باوجود تنخواہیں لیتے رہے

جمعہ 17 اپریل 2015 03:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اپریل۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی گھوسٹ ملازم نکلے۔ حماد صدیقی کے ساتھ رابطہ کمیٹی کے سابق رکن وسیم آفتاب اور شاہد لطیف غیرحاضری کے باوجود تنخواہیں لیتے رہے ہیں۔ کراچی میں ٹارگٹ آپریشن کے ساتھ گھوسٹ ملازمین کے خلاف بھی آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ایم کیو ایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی بھی گھوسٹ ملازمین کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق حماد صدیقی کو 1997 میں رفیقی شہید اسپتال میں بطور19 گریڈ کے ڈائریکٹر بھرتی کیا گیا جس کے بعد سے وہ ہر ماہ 40 ہزار 600 روپے تنخواہ بھی وصول کر رہے ہیں۔ حماد صدیقی 22 مئی 2013 کو کراچی سے دبئی چلے گئے تھے لیکن ہر ماہ کی تنخواہ ان کے اکاونٹ میں منتقل کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے حماد صدیقی کے گھوسٹ ملازم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ریکارڈ اور قانونی دستاویزات طلب کر لی ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق رکن وسیم آفتاب اور شاہد لطیف بھی عباسی شہید اسپتال سے 19 گریڈ کے آفیسر کی تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق میئر مصطفیٰ کمال کے دور میں انہیں ان کے عہدے پر حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔حماد صدیقی 2013 میں دبئی چلا گیا تھا۔ایم کیو ایم نے حماد صدیقی کو پارٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزام میں پارٹی رکنیت سے معطل کردیا تھا۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سینئررہنماء ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل میں معاونت کے ملزم معظم علی نے بھی تفتیش کے دوران حماد صدیقی کو موردِ الزام ٹہرایا ہے۔ محکمہ صحت نے حماد صدیقی سمیت 42 گھوسٹ ملازمین کی برطرفی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ تمام ملازمین رفیقی شہید اسپتال سے برطرف کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :