بنگلہ دیش 16 برس بعد پاکستان کو ہرانے کے لیے پر امید،پاکستان اور بنگلہ دیش آج پہلے ایک روزہ میچ میں پنجہ آزمائی کرینگے ، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم نئے کپتان اظہرعلی کی قیادت میں پہلا ایک روزہ میچ کھیلے گی، بنگلہ دیش کی قیادت شکیب الحسن کرینگے ،ٹیم 16 سال بعد پاکستان کو ہرانے کے لیے پرامید ہے، شکیب الحسن

جمعہ 17 اپریل 2015 03:46

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اپریل۔2015ء)پاکستان کے معروف آف سپنر سعید اجمل کی آٹھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں آج (جمعہ )کو تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔سنہ 2011 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی دو طرفہ ایک روزہ میچوں کی سیریز ہے۔

اس سیریز کے تینوں ایک روزہ میچ میرپور کے شیرِ بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم نئے کپتان اظہرعلی کی قیادت میں پہلا ایک روزہ میچ کھیلے گی۔یہ اظہرعلی کا بھی دو سال بعد پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے معروف آف سپنر سعید اجمل کی آٹھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے۔

گذشتہ سال اگست میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں امپائروں نے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا تھا۔لیگ سپنر یاسر شاہ انگوٹھا زخمی ہونے کے سبب ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر کو ایک روزہ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ کی ایک میچ میں معطلی کے سبب شکیب الحسن پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم 16 سال بعد پاکستان کو ہرانے کے لیے پرامید ہے۔پاکستانی ون ڈے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیم کو بنگلہ دیشی کنڈیشنز میں سیٹ ہونے میں کچھ وقت تو لگے گا، بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضٰی کے مطابق آج سے شروع ہونیوالی سیریز کیلئے اپنے آپ کو فیورٹ نہیں سمجھتے۔اظہر علی نے کہا ہے کہ پریکٹس میچ میں شکست سے سبق سیکھیں گے، بنگلہ دیش کی ٹیم آسان حریف نہیں، ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچنا میزبان ٹیم کی صلاحیت کا عکاس ہے۔

نئے ون ڈے کپتان کے مطابق گرین شرٹس تشکیل نو کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، جس کی وجہ سے نتائج کیلئے شائقین کھیل کو تھوڑا صبر کرنا ہوگا۔دوسری جانب بنگلہ دیشی قائد مشرفی مرتضیٰ کے مطابق پاکستان سے 2 دو ہاتھ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، سیریز میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے سیریز کیلئے کسی کو فیورٹ نہیں سمجھتا، لیکن اس بات کا سپورٹرز کو یقین دلاتا ہوں کہ جیت کیلئے پاکستان ٹیم کو کچھ خاص کرنا ہوگا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان 3 میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے کل میرپور ڈھاکا میں ہوگا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان اب تک 32 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 31 میچ جیتے ہیں۔بنگلہ دیش کی واحد کامیابی سنہ 1999 کے عالمی کپ میں تھی جب اس نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دی تھی۔پاکستانی ٹیم کی یہ شکست شک و شبے کی نظر سے دیکھی گئی تھی اور اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تحقیقاتی کمیشن بنانا پڑا تھا۔