سعودی عرب نے اپنے 24 اپاچی ہیلی کاپٹروں کو جدید بنانے کیلئے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو ٹھیکا دیدیا

پیر 8 مئی 2017 13:57

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)سعودی عرب نے اپنے 24 اپاچی ہیلی کاپٹروں کو جدید بنانے کیلئے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو 14 کروڑ 34 لاکھ ڈالرز کا ٹھیکا دیدیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو لڑاکا اپاچی ہیلی کاپٹر اے ایچ -64 ای میں بلاک 2 اور 3 کی منفرد تبدیلیوں کے لیے 14 کروڑ 34 لاکھ ڈالرز کا ٹھیکا دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کمپنی ریاست ایریزونا میں میسا کے مقام پر سعودی عرب کے ملکیتی ان ہیلی کاپٹروں کو جدید بنانے کا کام کرے گی اور توقع ہے کہ یہ کام یکم اپریل 2022 تک پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔اس معاہدے کے تحت 24 اپاچی ہیلی کاپٹروں کو جدید بنایا جائے گا۔اس کے لیے سعودی عرب نے 39 لاکھ ڈالرز کی پیشگی رقم ٹھیکے کے وقت ادا کردی تھی۔ڈیفنس ورلڈ ڈاٹ نیٹ کی ایک رپورٹ میں اس ٹھیکے کی تفصیل بتائی گئی ہے ۔ اس کے مطابق سعودی عرب کے نیشنل گارڈ اے ایچ -64 ای اپاچی ہیلی کاپٹروں کے دنیا میں سب سے بڑے خریدار ہیں۔وہ اپنے فلیٹ میں شامل ان ہیلی کاپٹروں کی تعداد ڈیڑھ سو تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔واضح رہے کہ اپاچی امریکی فوج کے زیر استعمال ایک بنیادی لڑاکا ہیلی کاپٹر ہے۔

متعلقہ عنوان :