ایمانوئل ماکروں نے پہلے عوامی انتخابات میں جیت کا ریکارڈقائم کردیا

ملک کے کم عمر ترین فرانسیسی صدربھی بن گئے،فرانس اوریورپ کا تحفظ کروں گا،حامیوں سے خطاب

پیر 8 مئی 2017 11:51

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)پہلی مرتبہ کسی عوامی انتخابات میں حصہ لینے والے ایمانوئل ماکروں نے اپنی مخالف امیدوار مارین لے پین کو شکست دے دی۔ایمانوئل ماکروںفرانس کے کم عمر صدربھی منتخب ہوگئے۔ جیت کے بعد انہوں نے کہاہے کہ وہ بطور صدر فرانس اور یورپ کا تحفظ کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس مرتبہ کے فرانسیسی صدارتی انتخابات میں عوام کو دو انتہاؤں میں سے ایک کو منتخب کرنا تھا۔

ایک جانب قوم پرست، یورپی یونین اور تارکین وطن کی مخالفت کرنے والی دائیں بازو کی سیاست دان مارین لے پین تھیں تو دوسری جانب فرانسیسی سیاست میں ایک نیا چہرہ، ایمانوئل ماکروں۔ عوام کی ایک واضح اکثریت نے ماکروں کا انتخاب کیا۔ ماکروں نے پینسٹھ فیصد سے زائد جب کہ لے پین نے چونتیس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

جیت کے بعد ماکروں نے پیرس میں اپنے حامیوں سے مختصر خطاب کیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پیرس سمیت ملک بھر میں ماکروں کے حامی جشن منا رہے ہیں۔ لیکن ماکروں کا خطاب فتح کا جشن نہیں تھا، بلکہ انہوں نے زیادہ توجہ بطور صدر خود کو اور فرانس کو درپیش چیلنجز پر مرکوز رکھی۔ماکروں کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ موجودہ دور میں فرانسیسی معاشرہ کس حد تک منقسم ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے فرانس کے صدر ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

لے پین یورپی یونین اور مشترکہ یورپی کرنسی یورو کی بھی مخالف ہیں۔ لیکن ماکروں کو کہنا تھا کہ وہ فرانسیسی صدر کے طور پر نہ صرف فرانس بلکہ یورپ بھر کا دفاع کریں گے۔فرانسیسی انتخابات پر دنیا بھر کی نظریں تو تھیں لیکن الیکشن کے نتائج کا سب سے زیادہ انتظار یورپی رہنماؤں کو دکھائی دیا۔ ایگزٹ پولز میں ماکروں کی یقینی فتح کی خبروں کے ساتھ ہی یورپی رہنماؤں کی جانب سے مبارکبادی پیغامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گا۔

متعلقہ عنوان :