ْ مبینہ زیادتی کے بعد زندہ جلائی جانیوالی آٹھ سالہ ذہنی معذور بچی کی رسم قل ادا کردی گئی

بدھ 11 اپریل 2018 23:16

چیچہ وطنی۔11 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 اپریل 2018ء)چیچہ وطنی میں مبینہ زیادتی کے بعد زندہ جلائی جانیوالی آٹھ سالہ ذہنی معذور بچی نورفاطمہ کی رسم قل ادا کردی گئی ہے،رسم قل خوانی میں شہر بھر کی سیاسی وسماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اس اندوہناک واقعہ کی تحقیقات کیلئے ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ ذوالفقار حمید کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے،کمیٹی کے دیگر ممبران میں ایس ایس پی رینج انویسٹی گیشن گوجرانوالہ خالد بشیر چیمہ،ایڈیشنل سیکرٹری (جوڈیشل) محکمہ داخلہ پنجاب اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا نمائندہ شامل ہیں ،کمیٹی واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے وزیراعلیٰ کو اپنی رپورٹ پیش کریگی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال ڈاکٹر محمد عاطف اکرام نے اس حوالے سے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں مقتولہ بچی نورفاطمہ سے زیادتی کے شواہد مشکوک ہیں جس پر بچی کے کپڑوں اور جوتوں کے نمونے فرانزک تجزیہ کیلئے لاہوربھیجے گئے ہیں، فرانزک ایجنسی کی رپورٹ میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، لواحقین کوہر صورت انصاف فراہم کیاجائیگا، پولیس کے مطابق 11مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کی جارہی ہے۔